.

یمنی مساجد امریکا، اسرائیل کے خلاف جنگ کا میدان بن گئیں

مساجد میں من پسند امام کی تقرری اور نمازیوں کا اغواء معمول بن گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن میں گذشتہ ایک سال سے ایران نواز حوثی شیعہ باغیوں کے ہاتھوں جہاں اہل سنت انتقامی کارروائیوں کا ہدف بنے ہوئے ہیں وہیں ان کی مساجد بھی حوثی گماشتوں کے نشانے پر ہیں۔ حوثی مساجد پر قبضہ کر کے آئمہ اور خطباء کو اپنے من پسند وعظ اور خطبے دینے پر مجبور کر رہے ہیں۔

اچانک چھاپوں کے دوران نمازیوں کو زد وکوب اور اغواء کے بعد غائب کرنا روزمرہ کا معمول بن چکا ہے۔ حوثیوں کی پے رول پر تعینات ہونے والے خطباء اور مقررین جمعہ کے خطبات میں امریکا اور اسرائیل کے خلاف تقاریر اور ان کے حامی "امریکا اور اسرائیل مردہ باد" کے نعرے لگاتے ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق حوثیوں کے ایک گروہ نے دارالحکومت صنعاء کے شمال مشرقی کالونی میں واقع جامع مسجد المہاجرین پر دھاوا بولا اور نماز جمعہ کے لیے موجود دسیوں نمازیوں کو یرغمال بنانے کے بعد پیش امام اور خطیب کو منبر سے اتار دیا اس کے بعد حوثیوں کے ایک حامی شخص نے نماز جمعہ کی امامت کرائی۔

شمال مشرقی صنعاء میں مسجد پر دھاوے کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ حوثی باغی گذشتہ کچھ عرصے سے ایسے ہی اہل سنت کی مساجد کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ حوثیوں کی جانب سے مساجد میں اپنے آئمہ کے ذریعے امریکا اور اسرائیل پر تنقید کے ذریعے عوام کی ہمدردیاں حاصل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ مساجد میں امریکا مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے جاتے ہیں۔

ایک عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ چند ہفتے قبل حوثی جنگجوئوں نے مغربی صنعاء کی السنینہ کالونی میں ایک مسجد پر دھاوا بولا اور مسجد کے سنی امام کی جگہ نمازیوں کو زبردستی شیعہ امام کی اقتداء میں نماز ادا کرنے مجبور کیا۔ اس سے قبل شمالی صنعاء کی النہضہ کالونی کی جامع ابوبکر میں بھی حوثی باغیوں نے اپنی مرضی کا امام مسلط کیا۔

شمالی صنعاء کی وادی الاعناب کی جام مسجد الطیبہ میں حوثی باغیوں نے کئی نمازیوں کو اغواء کیا اور مسجد کی اندرونی اور بیرونی دیواروں پر حوثی مسلک کے نعرے لکھ دیئے۔ اس مسجد میں نماز ادا کرنے والے کئی نمازیوں کو وہاں سے نکال دیا گیا۔

جنوب مشرقی کالونی خولان میں بھی حوثی مسلح غنڈہ گردوں نے جامع مسجد الھدیٰ پر چھاپہ مارا اور اپنی مرضی کا امام مسلط کیا۔ شاہراہ خولان پر واقع خواتین کی جامع مسجد ذی النورین میں حوثیوں نے چھاپہ مار کر اس میں چندے کا باکس لوٹ لیا۔ بعد ازاں مسجد فوجی چھائونی میں تبدیل کر دی گئی۔

ایک ہفتہ قبل حوثیوں نے شمالی صنعاء کی دارس کالونی میں واقع جامع مسجد عمر بن عبدالعزیز پر بھی دھاوا بولا اور مسجد کے تمام داخلی دروازے بند کر دیے۔

گذشتہ برس ستمبر میں صنعاء پر قبضے کے بعد حوثی باغی اب تک کئی اہل سنت آئمہ اور خطباء کو مساجد سے بے دخل کر چکے ہیں۔ کئی آئمہ حوثیوں کے خوف سے خود ہی امامت کے فرائض ترک کرکے دوسرے ملکوں کو جا چکے ہیں۔