عرب اتحادی فوج کی صنعاء ، تعز اور الجوف پر فضائی بمباری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

عرب اتحادی فوج میں شامل لڑاکا طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعاء اور دوسرے شہروں تعز، مارب اور الجوف میں متعدد اہداف پر بمباری کی ہے۔

ادھر تعز میں یمن کی قومی فوج اور عوامی مزاحمت کاروں نے شہر کے مشرقی علاقے میں سپیشل ٹاسک فورس کے کیمپ اور صدارتی محل کی جانب پیش قدمی کی ہے۔ یہ کامیابی اتحادی فوجیوں کی جانب سے الجحملیہ کے علاقے کو آئینی حکومت کا تختہ الٹنے والے انقلابیوں کے زیر کمان ماہر نشانچیوں پر بمباری سے نشانہ بنانے پر ممکن ہوئی۔ العربیہ نیوز چینل کے مطابق اس کارروائی میں مختلف مکانات کی چھتوں پر تعنیات ماہر نشانچی ہلاک ہوئے۔

اتحادی فوج کی معاونت سے عوامی مزاحمت کاروں اور سرکاری فوج نے مارب کے مشرقی علاقے سے تعز گورنری کے مغربی علاقے تک پھیلی لڑائی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ یہ کامیابیاں ایسے وقت میں حاصل کی گئی ہیں جب اتحاد لڑاکا طیاروں نے تعز شہر پر اپنے فضائی حملے تیز کر رکھے ہیں۔

اس لڑائی میں سیکڑوں باغی جنگجو ہلاک جبکہ ہزاروں کی تعداد میں زخمی ہوئے ہیں۔ فضائی حملوں سے وہ اپنے متعدد اہم ٹھکانے چھوڑ کر فرار کی راہ لینے پر مجبور ہوئے۔ الضالع گورنری کے علاقے 'یعیس' میں شدید لڑائی ہوئی جس میں باغیوں کے 27 جنگجو مارے گئے جبکہ اس سے بڑی تعداد میں زخم چاٹنے پر مجبور ہیں۔ عوامی مزاحمت کاروں نے فرار ہوتے ہوئے دسیوں باغیوں کو جنگی قیدی بنا لیا اور ان کی گاڑیاں، اسلحہ وگولا بارود مال غنیمت کے طور پر جمع کیا۔

اتحادی طیاروں نے صنعاء، مارب اور الجوف میں باغیوں کے فوجی اہمیت کے اہداف اور اسلحہ ڈپوؤں پر شدید بمباری جاری رکھی ہوئی ہے جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ محاذ جنگ سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ ان حملوں میں کئی درجن باغیوں ہلاک وزخمی ہوئے جبکہ ان کی متعدد اہم سپلائی لائن بھی فضائی حملوں کی زد میں آئی جس کے بعد ان کا اپنے ریئر ہیڈکوارٹرز سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو گیا ہے۔

درایں اثنا تعز میں ہسپتالوں میں آکسیجن کے سلنڈر کم یاب ہو گئے جس کے باعث آپریشن کا سلسل رک گیا ہے۔ یمن ڈاکٹروں نے وزارت صحت اور اتحادی فوج سے آکسیجن سلنڈر بھجوانے کی اپیل کی ہے کیونکہ تعز میں عام شہریوں نے بھی باغیوں کے خلاف متعدد محاذ کھول رکھے تھے، جہاں ہونے والی جھڑپوں کے بعد زخمیوں کی بڑی تعداد علاج کی منتظر ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں