کویت :خودکش دھماکے کے ایک مجرم کی سزائے موت برقرار

اپیل عدالت نے ایک مجرم کی سزائے موت ختم کردی ،پانچ کی اپیلوں پر سماعت مؤخر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

کویت کی ایک اپیل عدالت نے جون میں ایک مسجد میں خودکش بم دھماکے میں ملوّث ایک مجرم کی سزائے موت برقرار رکھی ہے اور ایک کو سنائی گئی پھانسی کی سزا کالعدم قرار دے دی ہے۔

کویت کی ایک فوجداری عدالت نے ستمبر میں مسجد میں خودکش بم دھماکے کے جرم میں سات مدعا علیہان کو قصور وار قرار دے کر سزائے موت کا حکم دیا تھا۔آٹھ مشتبہ ملزموں کو دہشت گردی کے واقعے میں قصور وار قرار دے کر دو سے پندرہ سال تک قید کی سزائیں سنائی تھیں۔عدالت نے چودہ دوسرے مدعا علیہان کو عدم ثبوت کی بنا پر برّی کردیا تھا۔

پھانسی کی سزا پانے والے دوسرے پانچ مجرموں کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔کویتی روزنامے القبس نے اتوار کو اطلاع دی ہے کہ عدالت نے ان پانچوں مجرموں کی اپیلوں پر سماعت مؤخر کر دی ہے۔

کویت شہر کے علاقے الصوابر میں واقع مسجد امام الصادق میں ایک سعودی بمبار نے 26 جون کو نماز جمعہ کے وقت خودکش بم دھماکا کیا تھا۔اس کے نتیجے میں ستائیس افراد ہلاک اور دوسو سے زیادہ زخمی ہوگئے تھے۔عراق اور شام میں برسرپیکار دولت اسلامی (داعش) سے وابستہ ایک گروپ صوبہ نجد نے اس بم دھماکے کی ذمے داری قبول کی تھی۔

عدالتی حکام نے جولائی میں تین پاکستانیوں سمیت انتیس مشتبہ افراد کے خلاف دہشت گردی کے اس واقعے کے الزام میں فرد جرم عاید کی تھی۔ان میں سات کویتی ،پانچ سعودی ،تین پاکستانی اور تیرہ غیرریاستی باشندے (بدّو) تھے۔ان میں سے چوبیس ملزمان کویت میں گرفتار ہیں اور پانچ کے خلاف ان کی عدم موجودگی میں مقدمہ چلایا گیا تھا۔ان میں سعودی عرب میں گرفتار دو سگے بھائی بھی شامل ہیں۔انھوں نے مبینہ طور پر کویت میں بم حملے میں استعمال ہونے والا دھماکا خیز مواد پہنچایا تھا۔

استغاثہ نے دو مشتبہ افراد کے خلاف قتلِ عمد اور ارادہ قتل کے الزام میں فرد جرم عاید کی تھی۔دو افراد پر دھماکا خیز مواد استعمال کرنے کی تربیت دینے اور نو افراد پر جرم کی معاونت کے الزام میں فرد جرم عاید کی گئی تھی۔باقی افراد کو جرم کے بارے میں جانتے بوجھتے ہوئے حکام کو مطلع نہ کرنے پر اس مقدمے میں ماخوذ کیا گیا تھا۔دہشت گردی کے اس واقعے کے بعد کویتی حکومت نے داعش کے خلاف اعلان جنگ کیا تھا اور مشتبہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں