.

یمنی فوج نے الجوف شہر کا کنٹرول سنبھال لیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

العربیہ نیوز چینل کو اپنے ذرائع کے حوالے سے ملنے والی اطلاعات سے معلوم ہوا ہے کہ یمن کی سرکاری فوج نے جمعہ کے روز حوثی ملیشیا کے الجوف گورنری سے فرار کے بعد شہر کا کنڑول سنبھال لیا ہے۔

ذرائع کے حوالے العربیہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 'حوثی باغیوں کی جانب سے امن معاہدے کی خلاف ورزیوں' کے جواب میں عوامی مزاحمت کاروں کی حمایت یافتہ یمنی فوج نے الحزم قصبے کی جانب پیش قدمی کی۔

ادھر ایک علاحدہ پیش رفت میں سعودی عرب پر یمن کے علاقے سے دو بیلسٹک میزائل فائر کئے گئے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ایک میزائل عرب اتحادی فوج نے روک لیا جبکہ دوسرا نجران کے صحرائی علاقے میں گرا۔

یمن کی صورتحال جنیوا میں یو این کی نگرانی میں جاری امن مذاکرات کے ساتھ ساتھ تبدیل ہو رہی ہے۔ حوثی وفد کے سربراہ نے اپنے وفد کی جانب مذاکرات کے بائیکاٹ کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے اقوام متحدہ کو تنازع کے دوران کی جانے والی خلاف ورزیوں پر ایک احتجاجی مراسلہ تحریر کیا تھا۔ اس سے قبل اطلاعات آ رہی تھیں کہ حوثی میدان جنگ کی صورتحال کو جواز بنا کر مذاکرات سے غائب ہو گئے۔

مذاکرات میں حوثیوں کے سربراہ نے اقوام متحدہ پر اپنے خلاف 'سازش' کرنے کا بھی الزام عاید کیا ہے۔