.

شمالی کوریا کا ہائیڈروجن بم کے کامیاب دھماکے کا دعویٰ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شمالی کوریا نے اعلان کیا ہے کہ اس نے اپنے پہلے ہائیڈروجن بم کا کامیابی سے دھماکا کر لیا ہے۔ اگر اس خبر کی تصدیق ہوجاتی ہے تو یہ قدم شمالی کوریا کے جوہری پروگرام میں ایک بڑی پیش رفت ہوگی۔

شمالی کوریا کے ایک سرکاری ٹی وی نے اعلان کیا کہ "ورکرز پارٹی کی حکمت عملی کے تحت 6 جنوری 2016ء کو صبح 10 بجے ریاست کوریا نے اپنا پہلا ہائیڈروجن بم ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کیا۔"

شمالی کوریا کے سرکاری ٹی وی کی جانب سے اس اعلان کے بعد کوریا کی نیوکلئیر ٹیسٹ سائٹ کے قریب 5٫1 شدت کا زلزلہ نھی محسوس کیا گیا تھا۔

شمالی کوریا کی جانب سے نیوکلئیر بم کا ٹیسٹ اپنی نوعیت کا چوتھا واقعہ ہے۔ شمالی کوریا کو اپنے جوہری اور میزائل پروگرام کی وجہ سے امریکا اور اقوام متحدہ کی سخت پابندیوں کا سامنا ہے۔

ایک امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکی محکمہ دفاع شمالی کوریا کی جوہری تنصیبات کے قریب زلزلے کے جھٹکوں کی رپورٹس کی تحقیقات کررہا ہے۔

شمالی کوریا کے ہمسایہ ملک جنوبی کوریا کی موسمیاتی ایجنسی کا کہنا ہے کہ یہ ممکن ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے جوہری بم کا ٹیسٹ کیا گیا ہو کیونکہ اس کی ٹیسٹنگ سائٹ کے قریب زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔