.

برسلز میں فلیٹ سے تین خودکش جیکٹس برآمد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بیلجیئن پولیس کو دارالحکومت #برسلز میں ایک فلیٹ سے تین خودکش جیکٹس اور پیرس حملوں میں ملوّث گروہ کے سرغنہ صلاح عبدالسلام کے انگلیوں کے نشان ملے ہیں۔

#بیلجیئم کے وفاقی پراسیکیوٹر نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا ہےکہ 10 دسمبر کو پولیس کو دارالحکومت کے علاقے شائربیک میں ایک اپارٹمنٹ سے چھاپہ مار کارروائی کے دوران خودکش جیکٹس ملی تھیں لیکن اس کی اطلاع ایک ماہ کے بعد دی گئی ہے۔

#داعش نے #پیرس میں 13 نومبر کو دہشت گردی کے حملوں کی ذمے داری قبول کی تھی۔ شہر کے چھے مختلف مقامات پر جنگجوؤں کے حملے میں ایک سو تیس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ ان حملوں کے بعد #فرانس نے #عراق اور #شام میں داعش کے خلاف اپنی فضائی مہم کو تیز کردیا تھا اور اس کے لڑاکا طیارے امریکا کی فراہم کردہ انٹیلی جنس اطلاعات کی مدد سے شام کے شہر #الرقہ اور دوسرے مقامات پر داعش کے ٹھکانوں پر تباہ کن بمباری کررہے ہیں۔

بیلجیئم میں پیدا ہونے والا 26 سالہ صلاح عبدالسلام پیرس میں حملے کرنے والے جنگجوؤں کا لیڈر تھا اور اسی نے مبینہ طور پر ان حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی۔ کچھ عرصہ قبل اس کے بارے میں یہ اطلاع سامنے آئی تھی کہ اس نے ہنگری کا سفر کیا تھا اور وہاں غیر رجسٹر تارکین وطن کی ایک ٹیم بھرتی کی تھی۔