.

برطانیہ میں امتحانات کا شیڈول رمضان کی وجہ سے تبدیل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

برطانوی حکومت نے مسلمان طلباء کی سہولت کی خاطر ماہ صیام میں منعقد ہونے والے امتحانات کے نظام الاوقات تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد روزہ دار مسلمان طلباء کے لیے سہولت مہیا کرنا ہے تاکہ وہ مناسب اوقات میں امتحانات میں حصہ لے سکیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق برطانیہ میں امتحانات منعقد کرانے کے ذمہ داری سرکاری ادارے نے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ روزہ دار مسلمان طلباء وطالبات کی سہولت کے پیش نظر ماہ صیام میں امتحانات کے نظام الاوقات تبدیل کر دیے جائیں گے تاکہ طلباء آسانی کے ساتھ امتحانات میں شریک ہو سکیں۔

بیان کے مطابق ماہ صیام میں آنے والے امتحانات کا شیڈول، رمضان کی آمد سے قبل ہی جاری کر دیا جائے گا۔ امتحانات کی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ واضح کر دیا جائے گا کہ پرچہ دینے کا وقت علی الصباح یا سہ پہر کو ہو گا۔

خیال رہے کہ برطانیہ میں رواں سال ماہ رمضان جون کے دوسرے ہفتے سے شروع ہو گا۔ انہی ایام میں مملکت میں سالانہ امتحانات بھی منعقد کئے جاتے ہیں۔

برطانوی سکول ایسوسی ایشن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مالکولم ٹروپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کے عہدیداروں کی خواہش ہے کہ ان کے ہاں زیر تعلیم طلباء وطالبات ماہ صیام میں روزہ رکھنے کے ساتھ ساتھ امتحانات کی پوری تیاری بھی کر سکیں۔ ان کے روزے کا امتحانات پر کوئی منفی اثر نہ پڑے۔

اساتذہ کی نمائندہ انجمن کی چیئرپرسن ماری بوسٹڈ کا کہنا ہے کہ ہم طلباء سے بہترین تعلیمی نتائج کے خواہاں ہیں۔ اچھے نتائج ہی طلباء کے روشن مستقبل کی ضمانت ہو سکتے ہیں۔