.

چینی صدر کی سعودی عرب کے دورے پر الریاض آمد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

چینی صدر شی جین پنگ سعودی عرب کے سرکاری دورے پر الریاض پہنچ گئے ہیں۔وہ سعودی قیادت سے دوطرفہ سفارتی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے بات چیت کریں گے۔

چینی صدر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ون آن ون ملاقات میں اہم علاقائی اور عالمی امور خاص طور پر مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔

شی جین پنگ چین کا صدر بننے کے بعد مشرق وسطیٰ کا یہ پہلا دورہ کررہے ہیں۔وہ مصر اور ایران بھی جائیں گے۔وہ ایسے وقت میں یہ دورہ کررہے ہیں جب سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی پائی جارہی ہے اور دونوں ملکوں میں سفارتی تعلقات منقطع ہوچکے ہیں۔

توقع ہے کہ وہ بھی اپنے قریبی اتحادی پاکستان کے وزیراعظم میاں نواز شریف کی طرح ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لیے مصالحانہ کردار ادا کریں گے۔واضح رہے کہ چین مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے اور چینی صدر کا دورہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔