.

لیبیا کی نئی قومی حکومت آیندہ 10 روز میں تشکیل پائے گی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لیبیا کی قومی حکومت کے مشیر فتحی بن عیسیٰ نے کہا ہے کہ قومی اتحاد کی نئی کابینہ آیندہ دس روز میں تشکیل دے دی جائے گی۔

انھوں نے بتایا ہے کہ ''نامزد وزیراعظم فائز السراج پارلیمان کی درخواست پر نئی کابینہ تشکیل دیں گے اور اس کو مقررہ ڈیڈلائن کے مطابق منظوری کے لیے دوبارہ پارلیمان میں پیش کریں گے''۔ان کا کہنا تھا کہ ہم دس روز کی ڈیڈ لائن کا احترام کریں گے۔

لیبیا کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ پارلیمان نے اقوام متحدہ کی ثالثی میں مذاکرات کے نتیجے میں تشکیل دی گئی مجوزہ قومی حکومت کو سوموار کے روز مسترد کردیا تھا اور کہا تھا کہ اس میں ضرورت سے زیادہ وزراء شامل کیے گئے ہیں۔

لیبیا کے مشرقی شہر طبرق میں پارلیمان کے اجلاس میں شریک ایک سو چار ارکان میں سے نواسی نے صدارتی کونسل کی تجویز کردہ حکومت کے خلاف ووٹ دیا تھا اور صرف پندرہ نے اس کے حق میں رائے دی تھی۔

لیبیا کی صدارتی کونسل نے ملک میں جاری خانہ جنگی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے اقوام متحدہ کی ثالثی میں طے پائے معاہدے کے تحت گذشتہ منگل کے روز متحارب دھڑوں پر مشتمل قومی اتحاد کی حکومت کا اعلان کیا تھا۔اس مجوزہ قومی کابینہ میں بتیس وزراء شامل کیے گئے تھے۔