.

لیبیا میں مرکزی حکومت کی تشکیل کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لیبیا میں صدارتی کونسل کے ترجمان فتحی المجبری نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ 13 وزارتوں پر مشتمل حکومت کی تشکیل پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔

لیبیا کی نئی مرکزی حکومت میں جس کا اعلان مراکش کے شہر الصخیرات میں کیا گیا، 5 وزراء مملکت بھی شامل ہیں جن میں 3 خواتین ہیں۔

ذرائع نے "العربیہ" نیوز چینل کو بتایا کہ المہدی البرغثی وزارت دفاع کا قلم دان سنبھالیں گے۔ یہ وہ ہی قلم دان ہے جو فایز السراج کی سربراہی میں حکومتی تشکیل کی راہ میں رکاوٹ بن رہا تھا۔

نئی تشکیل میں وزارت داخلہ کا قلم دان العارف الخوجہ، وزارت خارجہ کا قلم دان محمد الطاهر سيالہ، وزارت انصاف کا قلم دان جمعہ عبداللہ ابوزید اور وزارت مالیات کا قلم دان ادريس الشريف کو سونپا گیا ہے۔

ان کے علاوہ عمر بشیر السہولی وزیر صحت، میلاد محمد معتوف وزیر ٹرانسپورٹ، محمد خلیفہ ہلال العزابی وزیر تعلیم، الطاہر الہادی الجہیمی وزیر منصوبہ بندی، عبدالمطلب احمد ابوفروہ وزیر معیشت، بداد قنصو مسعود لوکل گورنمنٹ کے وزیر، علي قلمة وزیر محنت، فاضي منصور الشافعی وزیر سماجی امور اور عبدالجواد فرج محمد العبيدی قومی مصالحت کے وزیر ہوں گے۔

لیبیا کی پارلیمنٹ کی جانب سے صدارتی کونسل کو ایک چھوٹی مرکزی حکومت کی تشکیل کے لیے دی گئی مہلت اتوار کے روز ختم ہوگئی تھی۔ نئی حکومت اس سیاسی معاہدے کے مطابق تشکیل دی گئی ہے جس پر دسمبر میں مراکش کے شہر الصخیرات میں دستخط کیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ پارلیمنٹ نے 30 سے زیادہ وزارتوں پر مشتمل سابقہ حکومتی تشکیل کو مسترد کردیا تھا اور ساتھ ہی صدارتی کونسل سے 10 روز کے اندر ایک چھوٹی حکومت تشکیل دینے کا مطالبہ کیا تھا۔