.

یورپی یونین میں برطانیہ کو خصوصی درجہ، کیمرون پر امید

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

برطانیہ کے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے برطانیہ کو یورپی یونین میں شامل رکھنے کے لئے خصوصی مراعات کے معاہدے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے برطانیہ کو یورپی یونین میں خصوصی اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔ انہوں نے عہد کیا کہ وہ برطانیہ میں ماہ جون کے دوران یورپی یونین سے علیحدگی کے ریفرینڈم میں یونین میں رہنے کے لئے عوامی مہم چلائیں گے۔

برسلز میں ہونے والے حالیہ یورپی سمٹ میں یونین کی قیادت نے متفقہ طور پر ایک پیکج کی منظوری دی ہے تاکہ برطانیہ کو یورپی یونین میں رہنے پر آمادہ کیا جاسکے۔

اس معاہدے کے تحت برطانیہ کو یونین کے بنیادی مقصد " قریب تر یونین" سے استشنیٰ، تارکین وطن کے ویلفئیر قوانین پر رعایت اور سٹی آف لندن کے معاشی سنٹر کے لئے حفاظتی اقدامات کئے جائیں گے۔

برطانوی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے تمام مذاکراتی مقاصد کو منوا لیا ہے اور وہ ہفتے کے روز اپنی کابینہ کو بھی اس معاہدے کی حمایت کی سفارش کریں گے۔

انہوں نے ایک نیوز کانفرنس سے بات کرتے ہوئے کہا "میرے خیال میں ہم ایک اصلاح شدہ یورپی یونین میں مضبوط، محفوظ اور بہتر طریقے سے رہ سکیں گے۔ اور اسی لئے میں برطانوی عوام کے سامنے اپنے پورے دل و دماغ کے ساتھ مہم چلائوں گا تاکہ انہیں یورپی یونین میں رہنے پر آمادہ کرسکوں۔"

یورپی یونین میں رہنے کے مخالف مہم نے اس معاہدے کو فوری طور پر مسترد کردیا اور کہا کہ کیمرون کا کھوکھلا معاہدہ برطانیہ کے لئے برا ثابت ہوگا۔

ڈیوڈ کیمرون نے باضابطہ طور پر ریفرینڈم کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا مگر ان کا کہنا تھا کہ وہ جلد ہی اعلان کریں گے۔