.

ری پبلکن ووٹرز ''فراڈ'' ٹرمپ کو مسترد کردیں : میٹ رومنی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ری پبلکن پارٹی کے سابق صدارتی امیدوار میٹ رومنی اپنی جماعت کے سرکردہ امیدوار شعلہ بیان ڈونلڈ ٹرمپ پر برس پڑے ہیں اور انھوں نے اپنی جماعت کے ارکان پر زوردیا ہے کہ وہ ''فراڈ'' ٹرمپ کو مسترد کردیں۔

میٹ رومنی نے جمعرات کی شب ایک غیرمعمولی سخت تقریر میں خبردار کیا ہے کہ سابق ریالٹی ٹی وی اسٹار ٹرمپ ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار نامزد ہوئے تو وہ 8 نومبر کو ڈیمو کریٹک پارٹی کی ممکنہ صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کے مقابلے میں شکست سے دوچار ہوجائیں گے۔

اس وقت ری پبلکن پارٹی کی سرکردہ شخصیات اور ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کے درمیان تقسیم گہری ہوچکی ہے۔ٹرمپ کے حامیوں کا کہنا ہے کہ ری پبلکن پارٹی غیر قانونی تارکین وطن ،اقتصادی بحالی کی سست رفتاری اور دنیا میں امریکا کے گھٹتے ہوئے کردار کے بارے میں ان کی تشویش اور احساسات کی عکاسی نہیں کرتی ہے۔

یہ خلیج 2012ء میں منعقدہ صدارتی انتخابات کے لیے نامزد صدارتی امیدوار میٹ رومنی کے نئے بیان سے مزید گہری ہوگئی ہے۔انھوں نے ری پبلکن پارٹی کے پرائمری ووٹروں پر زوردیا ہے کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کا راستہ روکنے کے لیے ان کے حریف امیدواروں کی حمایت کریں۔

اڑسٹھ سالہ رومنی نے ابھی تک کسی امیدوار کی توثیق نہیں کی ہے لیکن انھوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں کہا ہے کہ وہ ایک جعلی اور فراڈ شخص ہیں۔انھوں نے کہا:''میں فلوریڈا میں مارکو روبیو کو ووٹ دوں گا،اوہائیو میں جان کیسچ اور ٹیڈ کروز کو ووٹ دوں گا۔باقی ریاستوں میں باقی دو امیدواروں میں سے اس کے حق میں ووٹ دوں گا جو مسٹر ٹرمپ کو شکست سے دوچار کرنے کی صلاحیت کا حامل ہوگا''۔مارکو روبیو فلوریڈا سے امریکی سینیٹر ہیں اور کیسچ ریاست اوہائیو کے گورنر ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ اگر پرائمریز میں صدارتی انتخاب لڑنے کے لیے نامزدگی کے حصول میں ناکام رہتے ہیں تو پھر جولائی کے وسط میں کلیو لینڈ میں ری پبلکن پارٹی کے کنونشن میں صدارتی امیدوار کا فیصلہ ہوگا اور 1237 پارٹی ارکان اس کا فیصلہ کریں گے۔ری پبلکن پارٹی کا اس سے پہلے اس طرح کا کنونشن 1948ء میں ہوا تھا اور تب تھامس ڈیوی کو نامزد کیا گیا تھا۔

رومنی کے سابق ترجمان ریان ولیمز کا کہنا ہے کہ ''میرے خیال میں گورنر حقیقت پسند ہوتے ہوئے یہ بتانے کی کوشش کررہے ہیں کہ چیزیں کہاں پر ہیں اور وہ ٹرمپ کا راستہ روکنے کے لیے ممکنہ حکمت عملی کی وکالت کررہے ہیں''۔