.

شام اور روس جنگ بندی کا احترام کریں: فرانس ،برطانیہ

حلب کی جانب مارچ روک دیں ،نہیں تو داعش کو فائدہ پہنچے گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

فرانس اور برطانیہ نے شامی حکومت اور اس کے اتحادی روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنگ بندی سمجھوتے کا احترام کریں اور مغرب کے حمایت یافتہ باغی گروپوں پر حملے بند کردیں۔انھوں نے کہا ہے کہ تمام فریق جنگی کارروائیاں روکنے کے سمجھوتے کی پاسداری کریں اور محاصرہ زدہ علاقوں تک بلا روک ٹوک رسائی کو یقینی بنائیں۔

فرانس اور برطانیہ کے سربراہ اجلاس کے بعد جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ''ہم روس اور شامی حکومت سمیت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ارتکاب کرنے والے تمام فریقوں سے کہتے ہیں کہ وہ اعتدال پسند اپوزیشن گروپوں پر فوری طور پر حملے روک دیں''۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ''شہریوں اور طبی عملے کے ارکان کے خلاف ہر طرح کے حملے روک دیے جائیں۔شامی حکومت اور اس کے اتحادی حلب کی جانب مارچ کو روک دیں۔اس سے امن کے لیے امکانات متاثر ہو سکتے ہیں، ڈرامائی طور پر خطرناک ہوتا ہوا مہاجرین کا بحران شدید تر ہوسکتا ہے اور داعش کو فائدہ پہنچ سکتا ہے''۔

فرانس اور برطانیہ نے روس پر زوردیا ہے کہ وہ مشرقی یوکرین میں علاحدگی پسندوں پر تشدد کے خاتمے کے لیے دباؤ ڈالے۔انھوں نے یوکرینی حکومت پر بھی زوردیا ہے کہ وہ اصلاحات کے نفاذ کے لیے اپنی کاوشوں کو مربوط بنائے۔