.

تیونسی فوج کے آپریشن میں پانچ دہشت گرد ہلاک

لیبی سرحد کے قریب بن قردان کے علاقے میں فوج کا سرچ آپریشن

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

تیونس کے حکام نے اطلاع دی ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے لیبیا سے متصل سرحدی علاقے بن قردان میں دہشت گردوں اور اسلحہ کی تلاش کے لیے شروع کیے گئے سرچ آپریشن میں کم سے کم پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی جانب سے تیونسی تنصیبات پر حملوں کی کئی سازشیں بھی ناکام بنا دی ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق تیونسی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے لیبیا کی سرحد سے متصل بن قردان کے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا۔ آپریشن میں کم سے کم پانچ دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں اور بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گذشتہ بن قردان کے مقام پر سیکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان دوبارہ جھڑپیں شروع ہو گئی تھیں۔

ایک عینی شاہد نے بتایا کہ بن قردان سے کوئی تین کلو میٹر دو کرفیو کے باوجود شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں تیونسی فوج نے سرحدی علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا جس میں لیبیا کی سرحد کے قریب چھپے شدت پسندوں اور اسلحہ کے ذخائر کی تلاش کی شروع کی گئی تھی۔

بن قردان شہر کی آبادی 80 ہزار نفوس پرمشتمل ہے جس کی دوسری طرف لیبیا کا صبراتۃ شہر واقع ہے جہاں امریکی فوج بھی ڈرون حملوں میں بڑی تعداد میں لیبیا اور تیونس کے شہریوں کو ہلاک کر چکی ہے۔

صبراتۃ میں گھرا تنگ ہونے کے بعد شدت پسند تیونس میں داخل ہو کر خفیہ ٹھکانوں میں چھپنے کی کوشش کرتے ہیں۔ گذشتہ سوموار کو بن قردان کے علاقے میں دہشت گردوں نے ایک بڑا حملہ کیا تھا جس پر تیونسی صدر الباجی قاید السبسی اور وزیراعظم الحبیب الصید نے شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس حملے کا مقصد شہر میں ’’داعش کی حکومت‘‘ قائم کرنے کی کوشش ہے۔

دہشت گردوں کے حملے میں متعدد سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ جب کہ جوابی کارروائی میں 36 دہشت گرد ہلاک اور 7 کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔

تیونسی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بن قردان شہر پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی تعداد 50 کے لگ بھگ تھی جن میں سے بیشتر کو ہلاک اور باقی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فروری کے بعد سے ابک تک کے آپریشن میں 31 انتہائی خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔