.

یمنی فریقوں میں امن مذاکرات آیندہ ماہ کویت میں ہوں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے صدر عبد ربہ منصور ہادی کی حکومت اور حوثی شیعہ باغیوں کے نمائندوں کے درمیان آیندہ ماہ کویت میں مذاکرات ہوں گے۔

یمنی حکومت کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے بتایا ہے کہ ''کویت میں امن بات چیت 17 اپریل کو ہوگی اور اس کے ساتھ عارضی جنگ بندی بھی ہوگی''۔یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت اور حوثی ملیشیا مذاکرات کے اس دور سے قبل ایک یا دو ہفتے کے لیے جنگ بندی پر متفق ہوچکے ہیں۔

دارالحکومت صنعا میں گذشتہ اتوار کو اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے یمن اسماعیل ولد شیخ احمد اور حوثی باغیوں کے درمیان بات چیت میں جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا تھا۔

یمنی عہدے داروں کے بہ قول حوثی شیعہ باغیوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل درآمد سے بھی اتفاق کیا ہے،اس کے تحت وہ اپنے ہتھیار حوالے کرنے اور دارالحکومت صنعا سمیت اپنے زیر قبضہ علاقوں سے انخلاء کے پابند ہیں۔

واضح رہے کہ یمن میں پہلے بھی متعدد مرتبہ جنگ بندی پر اتفاق ہوچکا ہے مگر برسرزمین اس پر عمل درآمد نہیں کرایا جاسکا تھا اور تنازعے کے فریق ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے الزامات عاید کرتے رہے ہیں۔