.

'حسد اور جادو ٹونے کا توڑ ایک پرفیوم میں حاصل کیجئیے'

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

جدہ کے ایک عطر فروش نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایک ایسا نیا پرفیوم متعارف کروا رہے ہیں جن کی مدد سے ماحول سے جادو، گھروں اور دفاتر میں سے حسد کا خاتمہ جا سکتا ہے۔

حسد، جادو اور ٹونا سمیت دیگر عوارض کے توڑ کی مصنوعات فراہم کرنے والی یہ دکان سعودی خواتین میں بہت مقبول ہے۔ اس دکان میں پینے یا دھلائی کے لئے استعمال ہونے والا پانی، مختلف قسموں کے تیل، کریمیں، جڑی بوٹیاں اور گولیاں میسر ہیں جن سے دعویٰ کے مطابق تمام جسمانی اور روحانی امراض کا علاج ممکن ہے۔

اس دکان کی ایک شاخ میں کام کرنے والے ایک سیلز مین کے بقول "نئے سپرے میں سفید اور کالی کستوری، آب زم زم اور عرق گلاب ہوتا ہے۔"

سیلز مین کا مزید کہنا تھا "ایک نامور عالم دین [شیخ] نے اس سپرے پر کچھ دعاؤں کا دم کیا ہے جن سے تکلیف، ڈپریشن اور جنون کی میں مبتلا افراد کا علاج ممکن ہے۔"

اس سیلز مین نے دیگر بیماریوں کے علاج کے لئے میسر مصنوعات کے بارے میں بتایا کہ "ہمارے پاس شیخ کی دعائوں والا ایک نمک میسر ہے جسے پانی میں ملا کر نہایا جاتا ہے۔ پسے ہوئے جو میں دودھ یا شہد کا آمیزہ 'تلبینہ' بھی موجود ہے جس کے ذریعے سے زندگی سے اداسی دور ہو جاتی ہے۔"

سعودی عرب کی سینئیر علماء کونسل کے ایک رکن شیخ ڈاکٹر قیس المبارک سے جب دم والی مصنوعات کی فروخت سے متعلق سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا "دم کا ذکر قرآن میں بھی آیا ہے اور اس کا مطلب یہی ہے کہ قرآن کی آیات کو پڑھ کر بیمار شخص پر پھونکا جاتا ہے۔"