.

حوثیوں کے لئے بھجوایا اسلحہ امریکی بحریہ نے ضبط کر لیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی فوج کے ایک بیان کے مطابق یمن کے باغیوں کے لئے ایران سے بھجوائی جانے والی اسلحہ اور گولا بارود کی بھاری کھیپ بحیرہ عرب میں موجود دو امریکی بحری جہازوں نے ضبط کر لی۔

یہ صورتحال یمن کو درپیش بحرانی کیفیت کے حل کی خاطر اقوام متحدہ کی نگرانی میں 18 اپریل کو کویت میں ہونے والے مذاکرات سے قبل پیش آئی ہے۔

امریکی بحریہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایران سے یمن بھجوایا جانے والا اسلحہ لڑاکا بحری جہاز سیروکو اور گرافلی نے گزشتہ ہفتے ضبط کیا۔ ضبط کئے جانے والے اسلحے میں 1500 کلاشنکوف، 200 راکٹس اور 50 ملی میٹر بیرل کی 21 خودکار بندوقیں شامل تھیں۔

اٹھائیس مارچ کو پکڑا جانے والا اسلحہ اس وقت امریکا کے قبضے میں ہیں۔ امریکی بحریہ نے بتایا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اسلحہ منتقلی کے لئے استعمال ہونے والی کشتی کس ملک کی ملکیت تھی، تاہم اس پر لدا سامان ضبط کر کے امریکی بحریہ نےعملے کو رہا کر دیا۔