.

داعش کے قاتلانہ حملے میں سعودی پولیس افسر جاں بحق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شدت پسند تنظیم دولت اسلامی ’#داعش‘ نے #سعودی_عرب کے دارالحکومت #ریاض کے قریب ایک قاتلانہ حملے میں ایک سینیر سعودی پولیس افسر کو قتل کردیا۔

العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق منگل کو علی الصباح مغربی ریاض کے قریب الدوادمی گورنری میں شاہراہ عام پر نامعلوم مسلح افراد نےگھات لگا کر کرنل کتاب ماجد الحمادی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا مگر وہ اس سے قبل ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

خیال رہے کہ مقتول سیکیورٹی افسر سعودی عرب میں جنرل انویسٹی گیشن کے شعبے سے وابستہ تھے اور ملک میں دہشت گردی کے واقعات کی تحقیقات میں مصروف تھے۔

شدت پسند گروپ ’’داعش‘‘ نے اپنے آن لائن اخبار’’اعماق‘‘ پر پوسٹ ایک بیان میں کرنل حمادی کو قتل کرنے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کرنل ماجد الحمادی کو مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے آٹھ بجے الدوادمی گورنری کے العرجا سینٹر میں نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر شہید کیا ہے۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں تاہم اس سلسلے میں آخری اطلاعات تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔