.

شاہ سلمان کی مصر کے پہلے دورے پر قاہرہ آمد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز جمعرات کے روز مصر کے سرکاری دورے پر قاہرہ پہنچ گئے ہیں۔ہوائی اڈے پر مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے ان کا خیرمقدم کیا۔

2015ء میں سعودی بادشاہت پر متمکن ہونے کے بعد شاہ سلمان کا مصر کا یہ پہلا دورہ ہے۔مصری وزیر خارجہ سامح شکری نے گذشتہ روز العربیہ نیوز کے ساتھ انٹرویو میں ان کے اس دورے کی اہمیت پر زوردیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے ملک کے سعودی عرب کے ساتھ خصوصی تعلقات استوار ہیں۔

سامح شکری کا کہنا تھا کہ''بعض میڈیا حلقے ہمارے تعلقات کی مضبوطی کے بارے میں شکوک کا اظہار کررہے ہیں لیکن میں اپنے سعودی ہم منصب عادل الجبیر سے مسلسل رابطے میں ہوں اور انھوں نے مجھے یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ دوطرفہ تعلقات مضبوط رہیں گے''۔

انھوں نے کہا کہ ''سعودی عرب اور مصر نے سکیورٹی سمیت مختلف ایشوز سے نمٹنے کے لیے مربوط کوششیں کی ہیں۔سعودی شاہ کے اس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان اختلافات کی خبریں اڑانے والوں کی سازش کا مقابلہ کیا جاسکے گا''۔

سعودی عرب کی وزارت داخلہ سے قریبی تعلق رکھنے والے سکیورٹی تجزیہ کار مصطفیٰ علانی کا کہنا ہے کہ ''سعودی مصر کو دیوالہ ہونے سے بچانے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں لیکن یہ بات بھی ہے کہ سعودی ہمیشہ کے لیے تو رقوم ادا نہیں کریں گے۔میرے خیال میں شاہ سلمان اپنے دورے میں ان ایشوز کی وضاحت کی کوشش کریں گے''۔

توقع ہے کہ اس دورے کے موقع پر سعودی عرب مصر کے ساتھ بیس ارب ڈالرز کے ایک معاہدے پر دستخط کرے گا۔اس کے تحت آیندہ پانچ سال کے دوران مصر کی پیٹرولیم مصنوعات کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔اس کے علاوہ جزیرہ نما سینا میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ڈیڑھ ڈالرز مالیت کا ایک اور معاہدہ کیا جائے گا۔