.

سعودی عرب : کالا سونا نکالنے میں ہیرے کا استعمال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

کیا آپ کو معلوم ہے کہ خواتین کے دلوں پر راج کرنے والا "ہیرا" تیل نکالنے کے عمل میں استعمال کیا جاتا ہے؟ بظاہر یہ معلومات عجیب سی نظر آتی ہے مگر یہ حقیقت ہے کہ ہیرا وہ سخت ترین دھات ہے جو انتہائی بلند درجہ حرارت کو برداشت کرنے کے ساتھ ساتھ تیل کو اس کی جگہ سے نکالنے کے سلسلے میں زمین کی گہری تہوں میں داخل ہوجانے کی قدرت رکھتا ہے۔

تیل کی کمپنیاں جن میں سعودی ارامکو شامل ہے تیل کے کنوئیں کھودنے اور تیل کی دریافت کی کارروائیوں میں Diamond Drill Bits کا استعمال کرتے ہیں۔

ہیرے کی ساخت کے اہم ترین عوامل

کنگ سعود یونی ورسٹی میں ارضیات کے پروفیسر اور ارامکو کمپنی میں تیل کے سابق مشیر ڈاکٹر عبدالعزیز بن لعبون نے واضح کیا کہ ہیرے کو گہرے اور سخت زمین رکھنے والے علاقوں میں واقع کنوئیں کھودنے میں استعمال کیا جاتا ہے۔ اس لیے کہ ہیرا بہت سخت ہوتا ہے اور انتہائی بلند درجہ حرارت برداشت کرسکتا ہے۔ تاہم بن لعبون نے یہ بھی واضح کیا کہ ہر کنوئیں کو ڈائمنڈ ڈرل بِٹ کے ذریعے نہیں کھودا جاتا ہے۔
دوسری جانب القصیم یونی ورسٹی میں شعبہ جغرافیہ کے سربراہ ڈاکٹر احمد الدغیری نے بتایا کہ ہیرے کی ساخت میں اہم ترین عوامل دباؤ اور درجہ حرارت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ان ہی عوامل کی وجہ سے تیل کی کمپنیاں ہیرے کو گہرے کنوؤں کی کھدائی میں استعمال کرتی ہیں"۔
الدغیری کا مزید کہنا تھا کہ "ہیرے کی بعض قسمیں بہت سخت ہوتی ہیں جب کہ بعض دیگر نہیں بھی ہوتیں۔ اسی لیے ان میں بعض قسموں کی سختی کا درجہ 10 بائی 10 تک پہنچ جاتا ہے"۔

سعودی ارامکو کمپنی ظہران میں اپنی خصوصی نمائش کے دوران مختلف قسم کی "ڈرلنگ بٹس" کو پیش کرتی ہے۔ ان میں ڈائمنڈ ڈرلنگ بٹس میں شامل ہیں جن کے ذریعے کمپنی کالا سونا نکالنے کے لیے کھدائی کرتی ہے۔ واضح رہے کہ کنوئیں اور استعمال کی جانے والی بٹس کے حجم کی مناسبت سے ڈرلنگ بٹس کی قیمت 2 لاکھ ڈالر سے 10 لاکھ ڈالر تک ہوتی ہے۔