.

شاہ سلمان کے لیے جامعہ قاہرہ کی ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

جامعہ قاہرہ نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو ان کی عرب ازم ،اسلام اور مسلمانوں کے علاوہ مصر اور اس کے عوام کے لیے گراں قدر خدمات اور حمایت کے اعتراف میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

جامعہ کے صدر جابر نثار نے بتایا ہے کہ یونیورسٹی کی کونسل نے جمعرات کو اپنے اجلاس میں شاہ سلمان کو بااثر عالمی شخصیت ہونے کے ناتے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینے کا فیصلہ کیا تھا۔انھیں عرب اور بین الاقوامی منظرنامے میں ایک خاص مقام اور اثرورسوخ ہے۔

انھوں نے شاہ سلمان کی جانب سے جامعہ کے لیے گراں قدر امداد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس کی بدولت جامعہ اپنے اسپتالوں کی تعمیر کے تاریخی منصوبے کو شروع کرسکی تھی۔

مصر کے مفتی اعظم ڈاکٹر شوقی علام نے شاہ سلمان کے تاریخی دورے کو سراہا ہے۔انھوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دورے سے عرب خطے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون اور روابط کو فروغ ملے گا۔انھوں نے سعودی عرب اور مصر کے درمیان تمام شعبوں میں مضبوط دوطرفہ تعلقات کو بھی سراہا ہے۔

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر نبیل العربی نے بھی ایک بیان میں سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے مصر کے دورے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ میزبان صدر عبدالفتاح السیسی کے ساتھ ملاقات میں عرب دنیا کو درپیش سلگتے ہوئے مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔