.

بالآخر ’کوبرا‘ نے شاہین کو مار بھگایا: تصاویر دیکھیئے!

دو خونخواروں کے درمیان لڑائی کے دلچسپ مناظر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

#بھارت کے شہر #بنگلور میں حال ہی میں سانپوں کا شکار کرنے والے شاہین اور ’کوبرا‘ سانپ کے درمیان ہونے والی لڑائی میں کوبرا نے شاہین کو پچھاڑ دیا۔ غالبا یہ اپنی نوعیت کا پہلا موقع ہے جب کوبرا کے ہاتھوں شاہین جیسے خون خوار شکاری کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق بنگلور کے ایک مقامی فوٹو گرافر وکرم رامیش نے گھنے جنگل میں کوبرا اور شاہین کے درمیان ہونے والی چھینا جھپٹی کو اپنے کیمرے میں محفوظ کیا اور یہ مناظر بعد ازاں برطانوی اخبار ’’ڈیلی میل‘‘ نے بھی شائع کیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق شاہین گھنے جنگل کی جھاڑیوں میں شکار کی تلاش میں چُھپ کربیٹھا اس تاک میں تھا کہ کوئی تازہ شکار اس کے ہاتھ لگے جس سے وہ اپنی بھوک مٹا سکے۔ اسی اثناء میں قریب ہی سے ایک کوبرا سانپ نمودار ہوا جسے دیکھتے ہی شاہین کے منہ میں پانی بھر آیا اور اس نے کوبرا کے شکار کے لیے اس پر جھپٹنا پلٹنا شروع کردیا۔ کوبرا جو عموما شاہین کے حملوں کی تاب نہ لاتے ہوئے اس کا شکار بن جاتا ہےاس بار پوری قوت سے شاہین سے لڑتا رہا۔ اس نے شاہین کے حملوں کا پوری قوت سے جواب دیا، یہاں تک کہ شاہین بھی کوبرا کے حملوں سے زخمی ہوگیا۔

دونوں میں کوئی 10 منٹ تک لڑائی جاری رہی۔ آخر کار شاہین سانپ کےڈنگ کھانے کےبعد بھاگ نکلا اور دوبارہ درختوں کے جھنڈ میں جا چھپا۔ یوں پہلی بار کسی سانپ کو شاہین جیسے خون خوار شکاری سے نجات ملی۔

واضح رہے کہ شاہین کو کوبرا اور دیگر تمام اقسام کے سانپوں کا ’’قصاب‘‘ کہا جاتا ہے۔ ایسا کم ہی ہوتا ہے کہ شاہین کسی سانپ کو شکار کرنا چاہے تو وہ اس میں نکام رہے۔