.

امریکا: 4 برس بعد "ڈالر" پر خاتون کی تصویر ہوگی!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

واشنگٹن میں امریکی حکومت نے 5، 10 اور 20 ڈالر کے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کو تبدیل کرنے سے متعلق منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ نئے ڈیزائن میں ایک نوٹ پر "غلامی کے خلاف جدوجہد کرنے والی خاتون" شخصیت ہیریئٹ ٹبمین کی تصویر بھی چھاپی جائے گی۔ امریکا کی تاریخ میں گزشتہ 100 برسوں میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے۔

امریکی وزیر خزانہ جیک لو کی جانب سے بدھ کے روز عوام کے نام جاری پیغام میں کہا گیا کہ "میں اس اعلان پر مسرت محسوس کر رہا ہوں کہ گزشتہ ایک صدی میں پہلی مرتبہ ہمارے کرنسی نوٹ پر کسی خاتون کی تصویر پیش کی جائے گی اور وہ ہیں ہیریئٹ ٹبمین جن کی تصویر 20 ڈالر کے نوٹ پر ہو گی"۔

انہوں نے مزید کہا کہ "ہم توقع کرتے ہیں کہ 20، 10 اور 5 ڈالر کے کرنسی نوٹوں کے حتمی ڈیزائن کو 2020 میں منظرعام پر پیش کردیا جائے گا۔ یہ سال آئین میں انیس ویں ترمیم کے سو برس پورے ہونے کا بھی سال ہے جس کے تحت خواتین کو ووٹ کا حق حاصل ہوا"۔

امریکی وزیر کے پیغام کے مطابق "20 ڈالر کے نوٹ کے دوسرے رخ پر وہائٹ ہاؤس کی تصویر برقرار رکھی جائے گی جب کہ 10 ڈالر کے نوٹ کے ایک رخ پر امریکا میں خواتین کی آزادی کی تحریک کی یاد تازہ کر دینے والی تصویر ہو گی، اس تحریک میں 1913 میں خواتین نے امریکی وزارت خزانہ کے سامنے مظاہرہ کیا تھا، جب کہ نوٹ کے دوسرے رخ پر پہلے وزیر خزانہ الیگزینڈر ہیملٹن کی تصویر باقی رکھی جائے گی"۔

امریکی وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ 5 ڈاکر کا نوٹ سامنے کی جانب سے شہری آزادی کی تحریک سے متعلق دو واقعات کا مظہر ہو گا جو امریکا کے ایک سابق صدر ابراہم لنکن کے مجسمے کے نزدیک پیش آئے تھے۔ لنکن نے امریکی خانہ جنگی کے زمانے میں ملک کی قیادت کی تھی اور غلامی کے نظام کے خاتمے کا قانون جاری کیا تھا، جب کہ نوٹ کے پچھلے رخ پر صدر کی اپنی تصویر ہو گی۔