.

'چاق چوبند شیر' مشقوں کا آغاز مئی میں ہوگا: اردن

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اردن کی فوج کی جانب سے جمعے کے روز جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوج کے تعاون سے سالانہ مشقیں "Eager Lion 2016" [چاق چوبند شیر] مئی میں اردن میں ہوں گی۔

فوجی بیان کے مطابق "اردن کی مسلح افواج دوست ملک امریکا کے تعاون سے سالانہ مشترکہ مشق "چاق چوبند شیر 2016" کا انعقاد 15 سے 24 مئی کے درمیان کریں گی"۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ "اس سالانہ مشق کا مقصد دونوں دوست ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان تعاون کے تعلقات کو مضبوط بنانا اور ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔ تربیتی مشق میں تزویراتی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درامد بھی شامل ہوگا"۔

مشقوں میں "مخلتف قسم کے زمینی، فضائی اور بحری ہتھیاروں" کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ اردن میں "چاق چوبند شیر" مشق کا انعقاد مسلسل چھٹے برس ہورہا ہے۔

گزشتہ سال اردن میں ہونے والی مشقوں میں 18 ملکوں کے 10 ہزار فوجی اہل کاروں نے حصہ لیا جن میں امریکا سرفہرست ہے۔

واضح رہے کہ اردن اس بین الاقوامی اتحاد میں شامل ہے جو امریکا کے زیرقیادت داعش تنظیم کے خلاف برسرجنگ ہے، وہ تنظیم جس نے شام اور عراق کے وسیع علاقے پر قبضہ کیا ہوا ہے۔