.

مدینہ منورہ: عمرے کے 250 عازمین کا بطور شاہی مہمان استقبال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں عمرے اور زیارت کے لیے 250 مسلمانوں کا ایک گروپ مدینہ منورہ پہنچ گیا۔ یہ افراد خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے خصوصی مہمانان کے پروگرام کے سلسلے میں پانچویں کھیپ کے تحت مملکت پہنچے ہیں۔ سعودی فرماں روا نے عمرے کی ادائیگی کے سلسلے میں ان افراد کی میزبانی کے احکامات جاری کیے تھے۔ عمرہ و زیارت کے اس پروگرام پر اسلامی امور، اوقاف، دعوہ و ارشاد کی سعودی وزارت کے زیرنگرانی عمل درامد ہوتا ہے۔

عمرہ زائرین کے گروپ میں شامل افراد کا تعلق ملائیشیا، ترکی، کرغستان، قازقستان، تاجکستان، آذربائیجان، جارجیا، بلغاریہ، سربیا، چیک ریپبلک، ازبکستان، رومانیہ، البانیہ، سلووینیا اور پولینڈ سے ہے۔ مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزيز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان افراد کا استقبال خادم حرمین شریفین حج و عمرہ پروگرام سکریٹریئٹ کے متعدد ذمہ داران نے کیا۔

مہمانوں نے اس پروگرام میں منتخب ہونے، مدینہ منورہ پہنچنے، مسجد نبوی کی زیارت اور اس میں نماز کی ادائیگی، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے روضے پر سلام پیش کرنے، عمرے کی ادائیگی اور مسجد حرام میں نماز کی ادائیگی کا موقع ملنے پر اپنی بھرپور مسرت کا اظہار کیا۔

خادم حرمین شریفین پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عبداللہ بن مدلج المدلج نے ہفتے کے روز پہنچنے والے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے بتایا کہ اسلامی امور، اوقاف، دعوہ و ارشاد کے سعودی وزیر الشيخ صالح بن عبدالعزيز بن محمد آل الشيخ نے ہدایت کی ہے کہ مہمانوں کو بہترین خدمات کی فراہمی کے لیے وزارت کے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں اور اس سلسلے میں مدینہ منورہ میں اس پروگرام سے متعلق کمیٹیوں نے ہمارے فرماں روا کے مہمانوں کے شایان شان استقبال کے لیے تمام اقدامات مکمل کرلیے ہیں۔

عبداللہ المدلج کے مطابق مہمانوں کے لیے مختلف پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں جن میں مسجد نبوی کے آئمہ کرام سے ملاقاتیں، مدینہ منورہ میں کئی مذہبی اداروں کے دورے، شہداء احد قبرستان، مسجد قباء اور شاہ فہد قرآن پرنٹنگ کمپلیکس کا دورہ شامل ہیں۔ تمام مہمانان پیر کے روز مکہ مکرمہ روانہ ہوجائیں گے اور اسی روز عمرہ ادا کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مکہ مکرمہ میں مہمانان کے پروگرام میں بیت اللہ کا غلاف تیار کرنے والی فیکٹری، حرمین شریفین کی عمارت کی نمائش اور مقامات مقدسہ کے دوروں کے ساتھ ساتھ مکہ مکرمہ سے باہر "الکر پارک" میں اوپن کلچرل ڈے میں شرکت بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گروپ کی حرم مکی کے کسی ایک امام و خطیب سے ملاقات بھی کرائی جائے گی۔

خادم حرمین شریفین پروگرام کے تحت پانچویں گروپ کی آمد کے ساتھ ہی گزشتہ برس سعودی فرماں روا کی جانب سے پروگرام کے آغاز کا حکم جاری ہونے کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 1250 عمرہ زائرین (مرد و خواتین) مملکت پہنچ چکے ہیں۔ اس سے قبل چار گروپوں (فی گروپ 250 افراد) کے 1000 مہمانوں کی میزبانی مکمل کی جاچکی ہے۔