.

ترکی : غازی آنتپ میں پولیس مرکز پر کار بم دھماکا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ترکی کے جنوب مشرقی صوبے غازی آنتپ میں میں ایک پولیس مرکز کے سامنے بم دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہل کار ہلاک اور 13 افراد زخمی ہوگئے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق غازی آنتپ کے وسط میں سیکورٹی ڈائرکٹریٹ کی عمارت کے سامنے ہونے والے دھماکے میں بارود سے بھری گاڑی استعمال کی گئی اور زخمیوں میں 9 پولیس اہل کار بھی شامل ہیں۔

دھماکے کے فوری بعد متعلقہ حکام نے ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں جائے حادثہ کی طرف روانہ کر دیں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال پہنچا دیا گیا۔

اس سے قبل ترکی کی فوج نے اتوار کے روز ملک کے جنوب مشرق میں واقع قصبے نصیبین میں مسلح کردوں کے ایک حملے میں 3 فوجیوں کی ہلاکت اور 14 کے زخمی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

ترکی کا جنوب مشرقی علاقہ جہاں اکثریت کردوں کی ہے، سیکورٹی فورسز اور کالعدم تنظیم کردستان لیبر پارٹی کے ارکان کے درمیان جھڑپوں کا گڑھ بنا ہوا ہے۔ یہ جھڑپیں گزشتہ جولائی میں فائربندی کا معاہدہ ختم ہوجانے کے بعد شروع ہوئیں۔