.

داعش کا لیبیا کے مزید دو قصبوں پرقبضہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لیبیا میں فوج کی جانب سے سرت شہر کو شدت پسند تنظیم دولت اسلامی ’’داعش‘‘ سے چھڑانے کے لیے آپریشن کے اعلان کے دو روز بعد داعش کے جنگجوؤں نےدارالحکومت طرابلس کے نواحی علاقے مصراتہ میں القداحیہ اور وادی زمزم پرقبضہ کرلیا ہے۔

العربیہ ٹی وی کے مطابق مصراتۃ سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ شہر سے 90 کلومیٹر دور دہشت گردوں نے دو اہم قصبوں پر قبضہ کرتے ہوئے وہاں سے فوج اور دوسرے سیکیورٹی دستوں کو نکال باہر کیا ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ داعش کی جانب سے مصراتہ کے نواحی علاقوں پر قبضے سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہشت گردوں کا اس علاقے پر گہرا اثرو رسوخ ہے اور اس علاقے سے دہشت گردوں کے فرار کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

قبل ازیں یہ اطلاعات آئی تھیں کہ مصراتہ اور بن غازی سے داعشی دہشت گرد سرت کی جانب فرار ہو رہے ہیں۔

داعش کی جانب سے چند روز قبل سرت شہر کے تمام داخلی راستےبند کردیے گئے تھے اور شہریوں کو وہاں سے نکلنے سے روک دیا تھا اور شہری آبادی کو انسانی ڈھال کے طورپر استعمال کرتے رہے۔ دو روز قبل لیبیا کی فوج نے سرت کو داعش سے آزاد کرانے کے لیے وسیع پیمانے پر آپریشن کا اعلان کیا تھا۔