.

سعودی عرب: آپریشن میں دو دہشت گرد ہلاک، دو کی خودکشی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی سیکیورٹی فورسز نے مکہ مکرمہ اور طائف کے درمیان مشتبہ دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں پر حملہ کر کے کم سے کم چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی ضبط کیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ سیکیورٹی اداروں نے بیشہ گورنری میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ان کے خفیہ ٹھکانوں کا گھیراؤ کر کے کارروائی شروع کی۔

دہشت گردوں کی جانب سے فورسز پر فائرنگ کی گئی تاہم جوابی فائرنگ میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ دو دوسرے شدت پسندوں نے پکڑے جانے کے خوف سے خودکش جیکٹوں کی مدد سے خود کو دھماکوں سے اڑا دیا۔ اس کارروائی میں سیکیورٹی فورسز کے تمام اہلکار مکمل طور پر محفوظ رہے ہیں۔

ادھر جدہ میں دہشت گردوں کے ایک خفیہ ٹھکانے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کرکے دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جنہیں مزید تفتیش کے لیے خفیہ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کے زیراستعمال ٹھکانوں اور غاروں میں تلاشی لینے کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس کو ان ٹھکانوں سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد ملا ہے۔ تاہم اس کی مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

سعودی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی پر سوشل میڈیا پر مثبت رد عمل سامنے آیا ہے اور شہریوں نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر فورسز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ جمعرات کو علی الصباح سعودی فورسز نے مکہ مکرمہ میں وادی نعمان کے مقام پردہشت گردوں کے ٹھکانے کی اطلاع ملنے پر کارروائی کی تھی جس میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔