.

اب غیر ملکی زبانوں کا فوری ترجمہ آپ کے کان میں!

نئی ڈیوائس کئی بین الاقوامی زبانوں کا ترجمہ کرسکتی ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ہم میں سے اکثر افراد جب کسی غیرملکی یا انجان زبان کے بولنے والوں سے بات کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو ہمیں کئی بار اپنا مطلب سمجھانے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جس کے نتیجے میں کئی بار مزاحیہ صورتحال اور کئی بار شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے مگر اب ایک نئی ڈیوائس مارکیٹ میں متعارف کروائی جارہی ہے جو کہ ہیڈ فونز کے ذریعے سے آپ کے کان میں اس زبان کا ترجمہ کردے گی۔

اس ڈیوائس کا نام 'دی پائلٹ سسٹم' رکھا گیا ہے اور اس کو متعارف کروانے والی کمپنی کا 'ویورلی لیبز' ہے۔ اس ڈیوائس کو ستمبر تک مارکیٹ میں متعارف کروایا جاسکتا ہے۔ اس سسٹم کے ذریعے سے ڈیوائس کو پہننے والے شخص کو کان میں لگے ہیڈ فونز کی مدد سے فوری طور پر غیر ملکی زبان کا ترجمہ کردے گی۔

فون میں ایک ایپلی کیشن کی مدد سے آپ اپنی مطلوبہ زبان منتخب کرکے ترجمہ سن سکتے ہیں اور ان زبانوں میں ابتدائی طور پر فرانسیسی، ہسپانوی، اطالوی اور انگریزی زبانیں شامل ہوں گی۔ جب کہ بعد میں ان میں وسط ایشیائی، عربی اور افریقی زبانوں کو بھی شامل کردیا جائے گا۔

اس ڈیوائس کی ابتدائی قیمت 129 ڈالر رکھی گئی ہے اور اس کو ویورلی لیبز کی ویب سائٹ پر پری آرڈر کیا جاسکتا ہے۔