.

ترک طیاروں کے ترکی وعراق میں حملے،10کرد باغی ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ترکی کے لڑاکا طیاروں نے ملک کے جنوب مشرقی علاقوں اور شمالی عراق میں باغی گروپ کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کے اہداف پر فضائی بمباری کی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ان حملوں میں دس کرد باغی ہلاک ہوگئے ہیں۔

ترک فوج گذشتہ سال جولائی میں حکومت اور کرد باغیوں کے درمیان جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے عراق کے شمال میں واقع پہاڑی علاقوں میں اس کالعدم گروپ کے ٹھکانوں کے خلاف فضائی حملے کررہی ہے۔کرد باغیوں نے شمالی عراق میں قندیل کے پہاڑی سلسلے میں اپنے ٹھکانے بنا رکھے ہیں اور وہ سرحد پار ترکی کے جنوب مشرقی علاقوں میں حملے کرتے رہتے ہیں۔

ترک سکیورٹی فورسز نے جولائی 2015ء میں کالعدم کردستان ورکرز پارٹی کی جانب سے دوسالہ جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے قریباً چھے ہزار کرد جنگجوؤں کو ہلاک کردیا ہے۔اس عرصے کے دوران ملک کے جنوب مشرق میں واقع کرد اکثریتی علاقوں میں کرد باغیوں کے حملوں اور جھڑپوں میں کم سے کم چار سو فوجی ،پولیس افسر اور دیہی محافظ ہلاک ہوچکے ہیں۔