مصری طیارے کودہشت گردی کا نشانہ بنائے جانے کا غالب امکان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

مصر کے شہری ہوابازی کے وزیر شریف فتحی نے کہا ہے کہ جمعرات کے روز لاپتا ہونے والے طیارے کے بارے میں مختلف قسم کے مفروضے اور قیاس آرئیاں کی جا رہی ہیں مگر غالب امکان یہی ہے کہ طیارہ فنی خرابی کے بجائے دہشت گردی کا شکار ہوا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق قاہرہ میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شریف فتحی کا کہنا تھا کہ پیرس سے قاہرہ آنے والے 'مصر ایئر' کا مسافر بردار جہاز ابھی تک لاپتا ہے اور ہم اس کے لیے ’لاپتا‘ ہونے ہی کی اصطلاح استعمال کررہے ہیں۔ ممکنہ طور پر حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے ملبے کی تلاش کا عمل بھی جاری ہے مگر ہم حتمی طور پر نہیں کہہ سکتے کہ طیارہ حادثے کا شکار ہوا ہے۔

مصری وزیر نے عوام پر زور دیا کہ وہ مفروضوں ور افواہوں پر یقین نہ کریں بلکہ حکومت کی طرف سے جاری تحقیقات کے نتائج کا انتظار کریں۔ ایک سوال کے جواب میں شریف فتحی کا کہنا تھا کہ ہماری اولین ترجیح طیارے کے ملبے کی تلاش ہے اور اس سلسلے میں جزیرہ کارپاتھوس کے آس پاس تلاش جاری ہے۔

طیارے کے حادثے کے اسباب کے بارے میں بات کرتے ہوئے شہری ہوابازی کے وزیر کا کہنا تھا کہ ’ہم کسی بھی امکان کی تردید نہیں کرسکتے، مگر دہشت گردی کا امکان تکنیکی خرابی کے امکان سے زیادہ مضبوط ہے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ میں آنے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی کہ طیارے کی جانب سے لاپتا ہونے سے قبل مدد مانگی گئی تھی۔

نیوز کانفرنس کے دوران صحافیوں نے بار بار طیارے کے حادثے کی وجوہات پر بات کرتے ہوئے دہشت گردی کے خطرے کی طرف توجہ دلائی مگر مصری وزیر کا اصرار تھا کہ جب تک طیارے کا ملبہ مل نہیں جاتا اس وقت تک کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

خیال رہے کہ مصر کا ایک مسافر بردار ہوائی جہاز گذشتہ روز فرانس کے دارالحکومت پیرس سے عملے سمیت 66 مسافروں کو لے کر قاہرہ آرہا تھا کہ یونان کی فضائی حدود سے گذرنے کے بعد اچانک غائب ہوگیا۔ چوبیس گھنٹے گذرنے کے باوجود طیارے کے بارے میں کوئی پتا نہیں چل سکا ہے۔

مصر اور یونان کی فوج سمیت کئی دوسرے ملکوں کی امدادی ٹیمیں بھی طیارے کی تلاش کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ طیارے پر 30 مصر،15 فرانسیسی، دو عراقی اور سعودی عرب، برطانیہ، بیلجیم، کویت، سوڈان،چاڈ،پرتگال، الجزائر اور کینیڈا کا ایک ایک مسافر بھی سوار تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں