.

استنبول : ترک ائیرلائنز کے مسافر طیارے میں بم کی افواہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول کے مرکزی ہوائی اڈے پر ترکش ائیرلائنز کے ایک طیارے کو بم کی افواہ کے بعد خالی کرا لیا گیا ہے۔

ترک ائیرلائنز کے ترجمان نے بتایا ہے کہ طیارے میں ایک تحریر ملی تھی اور اس میں بم کی موجودگی کی اطلاع دی گئی تھی۔اس پر مسافروں کو اتارنے کے بعد طیارے کی مکمل تلاشی لی گئی ہے اور اس میں سے کوئی بم برآمد نہیں ہوا اور یہ اطلاع محض افواہ ثابت ہوئی ہے۔

استنبول کے اتاترک ائیرپورٹ پر اس مسافر طیارے میں عملے سمیت ایک سو چونتیس افراد سوار ہوئے تھے اور وہ وسطی شہر کیسری کی جانب جارہا تھا۔اس طیارے کو بم کی افواہ کے بعد وہیں روک لیا گیا اور مسافروں کو ایک اور طیارے کے ذریعے جائے منزل کی جانب روانہ کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ترکی میں اس سال اب تک متعدد خودکش بم دھماکے ہوچکے ہیں۔استنبول میں دو سیاحتی مقامات پر دو خودکش بم حملے کیے گئے تھے اور داعش نے ان دونوں حملوں کی ذمے داری قبول کی تھی۔دارالحکومت انقرہ میں دو تباہ بم دھماکوں کی ایک کرد جنگجو گروپ نے ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

گذشتہ سال علاحدگی پسند باغی جماعت کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) سے وابستہ ایک گروپ نے استنبول کے دوسرے بڑے ہوائی اڈے پر مارٹر حملے کی ذمے داری قبول کی تھی۔اس حملے میں ائیرپورٹ کا ایک ملازم ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔