.

برطانوی وزیراعظم نے بیگم کے لیے" 2 ہزار" ڈالر کی گاڑی خریدی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کنجوس ہر گز نہیں جیسا کہ اس خبر کو پڑھ کر بعض لوگ گمان کرسکتے ہیں بلکہ درحقیقت وہ ایک منکسر المزاج اور معقول شخصیت کے مالک ہیں۔ گاڑی کے بارے میں ان کی رائے یہ ہے کہ یہ آنے جانے کا ایک ذریعہ ہے اس سے کم یا زیادہ کچھ نہیں۔ خود ان کی اپنی ملکیت میں کوئی گاڑی نہیں ہے۔ ان دنوں اپنی آمدورفت کے لیے وہ Jaguar XJ ماڈل کی جو گاڑی استعمال کرتے ہیں وہ وزیراعظم کے دفتر کی ملکیت ہے۔ 2014 میں برطانوی حکومت نے اس گاڑی کو دہشت گردی اور دہشت گردوں سے محفوظ بنانے کے لیے 3 لاکھ ڈالر سے زیادہ خرچ کیے تھے۔

جہاں تک کیمرون کی اہلیہ سیمنتھا کا تعلق ہے تو ان کے پاس ایک پرانی گاڑی ہے جو ان کے لیے درد سر بن چکی ہے۔ اسی واسطے انہوں نے موجودہ گاڑی کے مقابلے میں نسبتا ایک "نئی" گاڑی کی خواہش کا اظہار کیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ڈیوڈ کیمرون نے اپنی اہلیہ کے لیے 2004 ماڈل کی استعمال شدہNissan Micra خرید لی جو اپنے سابق مالک کے ہاتھوں 1 لاکھ 34 ہزار کلومیٹر چل چکی ہے۔

کیمرون نے یہ گاڑی برطانیہ کے دارالحکومت لندن سے 80 کلومیٹر دور واقع ایک قصبے Minster Lovell میں پرانی گاڑیوں کی خرید وفروخت کی ایک کمپنی سے خریدی۔ یہ قصبہ آکسفورڈ شائر کاؤنٹی میں واقع ہے۔

"مجھ سے پہلے میری گاڑی سے محبت کی تھی"

گاڑیوں کا بروکر بہت پر امید تھا کہ کیمرون کوئی انتہائی مہنگی گاڑی خریدیں گے تاہم کمپنی میں نصف گھنٹہ گزارنے والے برطانوی وزیراعظم نے بروکر کو یہ بتا کر مزید حیران کردیا کہ انہوں نے نیلے رنگ کیNissan Micra منتخب کی ہے اس لیے کہ وہ انہیں پسند آگئی ہے۔ اگلے دن (ہفتے کے روز) کیمرون صبح سویرے ہی گاڑی کی قیمت لے کر بروکر کے پاس پہنچ گئے تاکہ اس کو اپنی اہلیہ کے نام رجسٹر کرالیں۔

عجیب اتفاق ہے کہ ڈیوڈ کیمرون اور ان کی اہلیہ کے درمیان محبت کی بنیاد بھی ایک گاڑی ہی بنی تھی۔ "سیمکیم" کے خطاب سے معروف سیمنتھا اپنے شوہر ڈیوڈ کیمرون کی بہن کی دوست تھیں۔ پھر ہوا یوں کہ ایک گاڑی نے سیمنتھا کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی جس کو کیمرون چلا رہے تھے۔ اس گاڑی کے پسند آجانے کی وجہ سے سیمنتھا کیمرون کے قریب آ گئیں اور پھر وقت کے ساتھ سیمنتھا کے دل میں محبت کے پھول کھل گئے۔

اس سلسلے میں مزید جاننے کے خواہش مند car was the key to Samantha's heart لکھ کر انٹرنیٹ پر تلاش کرسکتے ہیں۔ تقریبا تین سال قبل ڈیوڈ کیمرون نے ایک گفتگو میں اعتراف کیا تھا کہ سیمنتھا نے "مجھ سے پہلے میری گاڑی سے محبت کی تھی"۔ اسی واسطے گاڑی وہ کنجی تھی جس کے ذریعے کیمرون اس خاتون کے دل میں داخل ہوئے جو اب ان کے چار بچوں کی ماں ہے۔ غالبا اسی وجہ سے برطانوی وزیراعظم نے خود اپنی اہلیہ کے لیے گاڑی خریدی جب کہ وہ اسے محض ایک ای میل کے ذریعے بھی خرید سکتی تھیں۔