.

عریاں مصری ملازم کو مارنے پیٹنے والا کویتی آجر گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

کویت میں پولیس نے ایک مقامی شہری کو اپنے عریاں تارک وطن مصری ملازم کو تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔دوران تفتیش اس کویتی آجر نے اپنے جرم کا اقرار کر لیا ہے۔

اس کویتی آجر کی اپنے مصری ملازم کو مارتے ہوئے ایک ویڈیو حال ہی میں سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہے۔اس فوٹیج میں خلیج کے روایتی سفید لباس میں ملبوس ایک شخص ننگے مصری کی تحقیر کررہا ہے،اس پر لاٹھیاں برسا رہا ہے اور دوہتڑ مار رہا ہے۔

اس ویڈیو کے منظرعام پر آنے کے فوری بعد مصر کی وزارت خارجہ نے کویتی حکام سے اس واقعے سے متعلق رابطہ کیا تھا۔کویتی وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ اس مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس کی شناخت علی الشامری کے نام سے کی گئی ہے۔اس نے اپنے جرم کا ''تفصیلی'' اعتراف کر لیا ہے۔

علی الشامری نے مبینہ طور پر پولیس کو بتایا ہے کہ یہ مصری اس کے یہاں کام کرتا ہے۔اس نے اپنے ملکیتی ایک موبائل اسٹور میں چوری کے بعد اس کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

پولیس نے ایک اور مصری کو اس واقعے کو فلمانے اور اس کی ویڈیو آن لائن پوسٹ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ان دونوں مشتبہ افراد کے خلاف تفتیش جاری ہے اور ابھی ان کا کیس سرکاری استغاثے کے پاس نہیں بھیجا گیا ہے۔