.

مصری طیارے کے بلیک باکسز کی تلاش 2 کلومیٹر تک محدود

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کے بحر متوسط میں گر کر تباہ ہونے والے مسافر طیارے کے بلیک باکسز کی تلاش کے علاقے کو پانچ کلو میٹر سے کم کرکے دو کلومیٹر کردیا گیا ہے۔

تباہ شدہ طیارے کی بلیک باکسز کی تلاش میں شریک فرانسیسی بحریہ کے ایک جہاز کو بدھ کے روز ایسے سگنلز ملے تھے جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ مصر للطیران کی پرواز ایم ایس 804 کے بلیک باکسز کے ہیں اور اب ان سگنلز کے بعد تلاش کو دو کلومیٹر کے علاقے میں محدود کردیا گیا ہے۔

کمیٹی کے بیان کے مطابق ''فرانسیسی بحریہ کے جہاز لاپلیس پر نصب آلات نے سمندر کی تہ سے سگنلز کا سراغ لگایا ہے اور یہ ممکنہ طور پر ایک ڈیٹا باکس کے ہوسکتے ہیں''۔

درایں اثناء مصر کی تحقیقاتی کمیٹی نے فرانسیسی میڈیا کی ان اطلاعات کی تردید کی ہے جن میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ مصری فضائی کمپنی کے طیارے نے پرواز سے قبل سلسلے وار انتباہوں کو نظرانداز کیا تھا۔

کمیٹی نے گذشتہ روز ایک بیان میں کہا تھا کہ بحر متوسط میں بلیک باکسز کی تلاش کا کام تیز کردیا گیا ہے اور اس کام میں معاونت کے لیے ایک ہفتے کے اندر موریشیس سے ایک اور بحری جہاز کی آمد بھی متوقع ہے۔

مصری اور فرانس کی ٹیمیں بحر متوسطہ کے گہرے پانیوں میں تباہ شدہ مسافر طیارے کے ڈیٹا ریکارڈرز (بلیک باکسز)کی تلاش کررہی ہیں۔واضح رہے کہ حادثات کا شکار ہونے والے طیاروں کے بلیک باکسز تیس روز تک سنگنلز جاری کرتے رہتے ہیں اور سرچ ٹیمیں گہرے پانیوں میں انھیں تلاش کرسکتی ہیں۔مصری طیارے کے بلیک باکسز کے بارے میں یقین کیا جاتا ہے کہ وہ تین ہزار میٹر کی گہرائی میں سمندر کی تہ میں پڑے ہیں۔