.

فرانسیسی صدر ’ویژن 2030‘ کے پرزور حامی ہیں: الجبیر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے وزیرخارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی فرانسیسی صدر فرانسو اولاند کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

الجبیر کہنا ہے کہ نائب ولی عہد اور فرانسیسی صدر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں عرب ممالک میں ایران کی مداخلت پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس کے علاوہ صدر اولاند کو سعودی عرب کے ’ویژن 2030‘‘ پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صدر اولاند نے سعودی ویژن کی کھل کر حمایت کی ہے۔

العربیہ نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے سعودی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ نائب ولی عہد نے اپنے دورہ فرانس میں فرانسیسی صدر سے عرب ممالک کے سیکیورٹی سے متعلق امور پربھی بات چیت کی ہے۔ اس کے علاوہ دونوں رہ نماؤں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ نائب ولی عہد نے ایک ایسے وقت میں فرانس کا دورہ کیا ہے جب عرب ممالک کئی اقسام کی داخلی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ لبنان میں سیاسی خلاء ہے۔ شام، عراق، یمن اور لیبیا امن وامان جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایسے میں سعودی نائب ولی عہد کا دورہ فرانس نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

خیال رہے کہ سعودی نائب ولی عہد گذشتہ روز اپنے خصوصی دورے پرفرانس پہنچے تھے جہاں انہوں نے فرانسیسی صدر فرانسو اولاند سے تفصیلی بات چیت کی ہے۔ سعودی عرب۔ فرانس کی مشترکہ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس بھی آج پیرس میں ہو رہا ہے۔ امکان ہے کہ شہزادہ محمد اس اجلاس کی صدارت کریں گے۔ فرانسیسی قیادت کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی شعبے میں تعاون بڑھانے کے مختلف منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔