.

فرانس : نیس میں دہشت گرد حملے کے بعد 3 روزہ سوگ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

فرانس کے صدر فرنسوا اولاند نے ملک میں ہفتے سے لے کر پیر تک 3 روز کے لیے قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان جمعرات کے روز نیس شہر میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائی کے بعد کیا گیا ہے۔ فرانسیسی وزیراعظم مانوئل والس کے مطابق حملے میں 84 افرد ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہوئے۔

صدر اولاند کے زیر صدارت ہنگامی اجلاس کے بعد والس نے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ نومبر 2015 میں پیرس حملوں کے بعد سے ملک میں نافذ ایمرجنسی سے متعلق قانونی بل کا مسودہ بدھ اور جمعرات کے روز پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔

والس کا کہنا تھا کہ "ہمیں جنگ اور ایسے دہشت گردوں کا سامنا ہے جو خوف اور دہشت پھیلانے پر کام کررہے ہیں"۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی ادارے نیس کے حملے میں جانی نقصان سے دوچار ہونے والے خاندانوں کی مدد کے لیے مصروف ہیں۔

والس نے فرانس کے عوام پر زور دیا کہ وہ "دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک صف میں کھڑے ہوجائیں"۔

والس نے دوٹوک انداز میں کہا کہ "فرانس ایک بڑا ملک اور بڑی جمہوریت ہے جو اپنے استحکام کو متزلزل نہیں ہونے دے گا۔ انہوں (دہشت گردوں) نے فرانسیسی قوم کی یکجہتی پر ضرب لگانے کا ارادہ کیا ہے لہذا فرانس کی جانب سے واحد مناسب ردعمل یہ ہوگا کہ ہم ایک بلاک کے طور ڈٹ جائیں جو کہ وقت کا اہم ترین تقاضا ہے"۔