لیبیا : ہیلی کاپٹر کے حادثے میں تین فرانسیسی فوجی ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

فرانسیسی صدر فرانسو اولاند نے بدھ کو لیبیا میں ہیلی کاپٹر کے ایک حادثے میں تین فرانسیسی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے۔یہ ہیلی کاپٹر خانہ جنگی کا شکار ملک میں سراغرسانی کے مشن پر تھا۔

فرانسو اولاند نے پیرس میں ایک تقریر میں کہا ہے کہ ''اس وقت ہم لیبیا میں خطرناک انٹیلی جنس آپریشنز انجام دے رہے ہیں۔ان کارروائیوں میں شریک ہمارے تین فوجی ہیلی کاپٹر کے ایک حادثے میں ہلاک ہوگئے ہیں''۔

فرانس نے اس سال کے اوائل میں پہلی مرتبہ یہ اطلاع دی تھی کہ اس کی خصوصی فورسز لیبیا میں برسرزمین کام کررہی ہیں۔اس کے بعد فرانسیسی فوجیوں کی ہلاکت کا یہ پہلا واقعہ ہے۔فرانسیسی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر دفاع ژاں وائی ویس لی دریان نے لیبیا میں خدمات انجام دینے والے تین نان کمیشنڈ افسروں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

یادرہے کہ پیرس نے سنہ 2001ء لیبیا کے سابق مطلق العنان صدر معمر قذافی کی حکومت کے خلاف نیٹو کی فضائی مہم میں قائدانہ کردار ادا کیا تھا۔اس کے بعد سے فرانسیسی طیارے لیبیا پر نگرانی کی پروازیں کررہے ہیں۔

اس سال کے اوائل میں فرانس کے فوجی مشیروں اور خصوصی دستوں نے لیبیا میں برطانوی اور امریکی فوجیوں کے ساتھ مل کر داعش کے جنگجوؤں کے خلاف کارروائیوں میں حصہ لینا شروع کیا تھا اور وہ لیبی فورسز کی رہ نمائی کررہے ہیں۔

مغربی طاقتیں لیبیا میں اقوام متحدہ کی ثالثی میں قائم ہونے والی قومی اتحاد کی حکومت کی حمایت کررہی ہیں۔یہ حکومت داعش کے جنگجوؤں کے خلاف غیرملکی حمایت کی خواہاں ہے۔مغربی طاقتیں یہ بھی چاہتی ہیں کہ یہ حکومت لیبیا سے غیر قانونی تارکین وطن کو یورپ کی جانب جانے سے روکے اور لیبیا کی معیشت کی اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے تیل کی پیداوار کو بحال کرے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں