اقتدارسے قبل اور بعد، عالمی رہ نماؤں کی ایک جھلک!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

طاقت اور اقتدار کا حصول اتنا آسان نہیں۔ اس راہ میں چلنے والوں کو کانٹوں کی بساط سے گذرنا پڑتا تب جا کر شہرت اور طاقت کی منزل ملتی ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ نے چند مشاہیر عالم رہ نماؤں کی ان کےشریک حیات کے زمام اقتدار پر فائز ہونے سے قبل اور بعد کی تصویری جھلکیاں پیش کی ہیں۔ تصاویر کو بہ غور دیکھنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ اقتدار کی رسا کشی نے عالمی رہ نماؤں کے چہروں پر اس کے کیسے گہرے نقوش رقم کردیے ہیں۔

اخبار ڈیلی میل میں شائع رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ رہ نماؤں کا اقتدار سے قبل اور بعد میں طرز زندگی کس طرح تبدیل ہوا۔ اقتدار سے قبل ان کا رنگ ڈھنگ، طرز زندگی، طرز بودو باش حتیٰ کہ ان کا لباس اور چال ڈھال سب اقتدار کے ایام سے مختلف نظرآتے ہیں۔ اس رپورٹ برطانیہ کی موجودہ وزیراعظم تھریسا مے اور ان کے شوہر، صدر باراک اوباما اورمشعل اوباما، سابق صدر بل کلنٹن کو ہیلری کلنٹن، جرمن چانسلر انگیلا مریکل کو ان کے شوہر ساور، ڈیوڈکیمرون اور دیگر کو ان کے شریک ہائے حیات کےساتھ اقتدار سے قبل اور بعد کے ادوار میں دکھایا گیا ہے۔

پہلی تصویر میں آپ برطانیہ کی موجودہ خاتون وزیراعظم کو ان کی 21 سال کی عمر میں دیکھ سکتے ہیں۔ یہ تصویر سنہ 1978ء کی ہے جب تھریسا اور فیلپ آکسفورڈ یونیورسٹی میں زیرتعلیم تھے۔ دونوں ہم جماعت بھی تھے اور ایک دوسرے سے گہری محبت سے رشتے سے بھی مربوط تھے۔ اس تصویر میں تھریسا سرخ رنگ کا سوُٹ زیب تن کررکھا ہے۔ ہونٹوں کی لالی اور سرخ لباس اور کان میں سرخ رنگ کی بالی رنگوں اور یادوں کا حسین امتزاج ہے۔ پہلو میں بیٹھے فیلپ عمر میں تھریسا سے دو سال چھوٹے ہیں مگر دونوں کے وہم وگمان میں اقتدار کے حصول کا کوئی شائبہ تک نہیں۔

دوسری تصویر میں آپ تھریسا کو 38 سال بعد دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے 59 سال کی عمر میں برطانوی حکومت کی ایک وزیرہ کے طورپر سرکاری لباس زیب تن کررکھا ہے۔ اس تصویر میں فیلپ اپنی اہلیہ سے عمر میں بڑے دکھائی دیتے ہیں۔

یہ تصویر سبکدوش برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون اور ان کی شریک حیات سامنتھا شیفلڈ کی ہے جو سنہ 1995ء میں لی گئی تھی۔ اس تصویر میں دونوں جوانی کے عالم میں برطانوی دولت مند گھرانے کے چشم وچراغ معلوم ہوتے ہیں۔ یہ اس وقت کی تصویر ہے جب ڈیوڈ کیمرون کی عمر 29 سال تھی اور وہ کارلٹن ٹیلی ویژن فرم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر تھے۔ اس دور میں کیمرون ٹائی پہننے سے گریز کرتے۔ ان کے ساتھ کھڑی سامنتھا کی اس وقت عمر 24 سال تھی۔

ان کے کسی دوست نے اٹلی میں سنہ 2001ء میں ایک تصویر کھنچی جو پہلی تصویر کے چھ سال بعد کی ہے۔ اس وقت کیمرون برطانوی پارلیمنٹ رکن منتخب نہیں ہوئے تھے۔

تیسری تصویر میں سامنھتا کی عمر 45 اور ڈیوڈ کیمرون کی 49 برس ہے۔ اس تصویر میں دونوں میاں بیوی کا جسم بھاری، بالوں کا رنگ تبدیل اور چہرے کےنقوش بدل چکے ہیں مگر ان کی زندگی میں بڑی تبدیلی یہ آئی کہ کیمرون برطانیہ کے وزیراعظم بن گئے ہیں۔

سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر اور ان کی اہلیہ چیری بوتھ کی پہلی تصویر سنہ 1983ء کی ہے جب دونوں وکالت کےشعبے سے وابستہ تھے۔ اس تصویر میں ٹونی بلیئر کو عالم شباب میں دیکھا جاسکتا ہے۔ 28 سالہ چیری بوتھ کے سرکے بال چھوٹے چھوٹے ہیں۔ ایام تدریس میں وہ اپنے بال کٹواتی رہی ہیں۔ شادی سے قبل ہی ٹونی اور بوتھ نے ایک ساتھ وکالت شروع کردی تھی۔

دوسری تصویر میں ٹونی بلیئر لیبر پارٹی کی طرف سے برطانوی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہونے کے بعد دکھائے گئے ہیں۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے اعصاب پر طویل عرصے سے چھائے ہوئے صدر بل کلنٹن اور ہیلری کلنٹن نے زندگی کے کئی نشیب و فراز دیکھے۔ اس رپورٹ میں دونوں کی پہلی تصویر سنہ 1970ء کی ہے جب دونوں ییل یونیورسٹی میں لا کالج کے طالب علم تھے۔ اس تصویر میں بل کلنٹن کی بھوری داڑھی دکھائی دیتی ہے جب کہ سر پر گھنے بال ہیں۔ ہیلری اور کلنٹن دونوں ایک ساتھ کھڑے ہیں۔ کلنٹن ہیلری سے کافی اونچے دکھائی دیتے ہیں۔ اس تصویر کے پانچ سال بعد یعنی 1975ء میں دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے تھے۔ سنہ 1978ء کو کلنٹن آرکنساس ریاست کے گورنر منتخب ہوئے۔

دوسری تصویر میں کلنٹن کی عمر 69 برس ہے۔ سرکے بال بالکل سفید، چہرے پر اقتدار کی رسا کشی کے اثرات نمایاں ہیں۔ اس تصویر میں ہیلری حسب معمول مسکرا رہی ہیں مگر ان کے چہرے پر تھکن نمایاں ہے مگر دل میں ملک کی خاتون صدر بننے کی تڑپ ابھی جوان ہے۔

امریکا کے موجودہ صدر باراک اوباما اور ان کی اہلیہ میشل اوباما کی پہلی تصویر سنہ 1992ء میں ان کی شادی کےبعد پہلی بیٹی مالیا کی پیدائش سے قبل اوباما کی سالگرہ کی ہے۔ شادی کی انگشتری ابھی اوباما کی انگلی پرنمایاں ہے مگر لباس نہایت ہی سادہ بلکہ بے ڈھنگا ہے۔ اقتدار کی چکا چوند سے کوسوں دور باراک اوباما اور میشل سالگرہ کی بھول بھلیوں میں مگن ہیں۔ اس تصویر میں میشل کو قیمتی جوڑا زیب تن کئے دیکھا جاسکتا ہے۔

جرمن چانسلر انجیلا میرکل اور ان کے شوہر یواخیم ساور کی پہلی تصویر سنہ 1989ء میں اس وقت کی ہے جب مشرقی اور مغربی جرمنی کے درمیان کھڑی کی گئی دیوار برلن گرائی گئی۔ اس وقت انجیلا 35 سال کی تھیں۔ شرمیلی انجیلا کے شوہر اس وقت کیمیکل ریسرچ کے شعبے میں ملازم تھے۔ انہوں نے کبھی سوچا نہ ہوگا کہ وہ ایک دن اقتدار کی منزل بھی طے کریں گے۔

دوسری تصویر ان کے ایام اقتدار کی ہے۔ اس میں 62 سالہ جرمن چانسلر میرکل اور ان کے شوہر 67 سالہ یواکیم ساور کو اقتدار کی بھول بھلیوں میں کھوئے دکھایا گیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں