ترکی اور ایران کا شام کا بحران مل کرحل کرنے پر اتفاق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

ایران اور ترکی نے شام کے بحران کے سیاسی حل کے لیے کوششیں تیز کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ترک وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ انقرہ اور تہران گذشتہ دو سال سے شام کے بحران کے حل کے سلسلے میں ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔انہوں نے شام کے تنازع کے حل کے لیے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ترک وزیرخارجہ جاویش اوگلو نے اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف کے ہمراہ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شام کے بحران کے حل کے حوالے سے تہران اور انقرہ کے درمیان کئی نکات پر اتفاق رائے موجود ہے۔ ایران کی طرح ترکی بھی شام کی وحدت کا پرزور حامی ہے۔ اس کے علاوہ دونوں ملک شام کے تنازع کے پُرامن اور منصفانہ حل کے خواہاں ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ترک وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ایران اور ترکی کی سلامتی لازم و ملزوم ہے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا کہ ترکی اور ایران تمام شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہیں۔ دونوں برادر ملکوں کی اقوام کا ایک دوسرے کے ساتھ گہرا تعلق ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت تمام شعبوں میں ایران ترکی کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

ایرانی وزیرخارجہ نے ترکی اور روس کے درمیان قربت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ شام کے تنازع کے حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان پائے جانے والے اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔ ترکی اور ایران کا باہمی تعاون شامی تنازع کے پرامن حل کی راہ ہموار کرے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں