.

سعودی عرب اور جاپان میں باہمی تعاون کے 11 معاہدے

شہزادہ سلمان کی جاپانی رہ نماؤں سے ملاقاتیں جاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے دورہ جاپان کے دوران جاپانی فرمانروا شہنشاہ آکیھیٹو سے ملاقات کے بعد دوسرے رہ نماؤں سے ملاقاتیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے دورہ ٹوکیو کے دوران دونوں ملکوں میں باہمی تعاون کے 11 معاہدوں کی منظوری دی گئی ہے۔

العربیہ ٹی وی کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے ٹوکیو اور ریاض کے دوران دوستانہ تعلقات کے فروغ اور ویژن 2030ء کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تمام اہم شعبوں میں کئی یاداشتوں پر دستخط کئے ہیں۔

قبل ازیں سعودی نائب ولی عہد نے ٹوکیو میں جاپانی فرمانروا شہنشاہ آکیھیٹو سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں شہزادہ محمد نے جاپانی فرمانروا کو سعودی عرب کی اقتصادی ترقی کے لیے مقرر کردہ ویژن 2030ء کے بارے میں بریفنگ دی۔ دونوں رہ نماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ اور مشرق وسطیٰ کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بعد ازاں شہزادہ محمد بن سلمان نے جاپانی وزیراعظم شینزو آبی سے تفصیلی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں بھی اقتصادی اور سیاسی شعبوں سمیت کئی دوسرے میدانوں میں ٹوکیو اورریاض کےدرمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے سے اتفاق کیا گیا۔

شہزادہ محمد بن سلمان اور جاپانی وزیراعظم کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون کی کئی یاداشتوں کی منظوری دی گئی۔

ملاقات کے دوران جاپانی، سعودی فورم میں پانچ سو جاپانی کاروباری شخصیات، وزراء اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

نائب ولی عہد نے جاپانی تجارتی کمپنی Jetro کو سعودی عرب میں اپنا اقتصادی اور تکنیکی دفتر قائم کرنے کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ دیگر 10 یادداشتوں میں سے باہمی تعاون کی چھ یادداشتیں سعودی عرب کی ارامکو کمپنی، تین الیکٹرک کمپنی اور تین یاداشتیں جاپان اور سعودی عرب کے بنکوں کے درمیان باہمی تعاون کے حوالے سے منظور کی گئیں۔

ان یاداشتوں میں جاپان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت، صنعت، توانائی، ثقافت، اطلاعات، تحفظ ماحولیات سمیت کئی چھوٹے اور درمیانے درجے کے پروجیکٹ شروع کرنے سے اتفاق کیا گیا۔

خیال رہے کہ جاپان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی تعلقات سنہ 1955ء میں جاپان کے قیام کےبعد سے قائم ہیں۔ سعودی عرب جاپان کو تیل کی 30 فی صد ضروریات پوری کرتا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم 32 ارب ڈالر ہے۔ جاپان نے سعودی عرب میں 87 مشترکہ منصوبوں میں 55 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔