افغانستان میں مسافر بس اور تیل ٹینکر کی ٹکر، 50 افراد جاں بحق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

جنوبی افغانستان میں ایک مسافر بس اور تیل کے ٹینکر کے تصادم کے حادثے میں کم از کم 50 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔ قندھار سے موصول ہونے والی خبروں کے مطابق اتوار کے روز ہونے والی اس ٹکر میں متعدد بچے اور خواتین بھی لقمہ اجل بنے ہیں۔

صوبے زابل میں تیل کے ٹینکر اور مسافر بس کے ٹکرانے سے آگ کے شدید شعلے بھڑک اُٹھے جن کی لپیٹ میں آنے والے مسافر بچے اور خواتین میں سے چند اتنی بُری طرح آگ میں جھُلس گئے ہیں کہ ان کی لاشوں کی شناخت ناممکن ہے۔ زابل طالبان باغیوں کا مچائی ہوئی شورش اور دہشت گردی کی زد میں آیا ہوا صوبہ مانا جاتا ہے، جہاں ایک عرصے سے طالبان جنگجوؤں نے انتشار پھیلایا ہوا ہے۔

صوبے زابل کے گورنر بسم اللہ افغان مال نے اتوار کو رونما ہونے والے اس حادثے کے بارے میں بتایا کہ ’’حادثے کا شکار ہونے والی مسافر بس قندھار سے کابل کی طرف جا رہی تھی۔ زابل کے علاقے جلدک میں بس ایک تیل کے ٹینکر سے جا ٹکرائی"۔

درایں اثناء زابل پولیس نائب سربراہ غلام جیلانی فراحی نے بتایا ہے کہ چند زخمیوں کو فوری طور سے صوبائی دارالحکومت قلات اور ہمسائے صوبے قندھار پہنچا دیا گیا ہے۔ کابل اور قندھار کو ملانے والی ہائی وے عسکریت پسندوں کے غلبے والے علاقے سے گزرتی ہے۔ بہت سے بس ڈرائیور اس علاقے سے گزرتے ہوئے رفتار غیر معمولی اور خطرناک حد تک تیز کر دیتے ہیں تاکہ وہ اس علاقے سے جتنی جلدی ممکن ہو گزر جائیں اور عسکریت پسندوں کے ممکنہ حملے یا سرگرمیوں سے بچا جا سکے۔

عشروں سے جنگ سے تباہ حال اس ملک کے کچھ راستوں اور شاہراہوں کا شمار دنیا کی خطرناک ترین راستوں میں ہوتا ہے۔ اس ملک میں ایسی سڑکوں اور شاہراہوں کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے، جو بہت ہی مخدوش الحال ہیں اور اُس پر ستم یہ کہ اس ملک میں دیگر قوانین کی طرح ٹریفک کے ضوابط و قوانین کی بھی بُری طرح خلاف ورزی کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ افغانستان کی سڑکوں پر اب بھی زیادہ تر مسافروں کا انحصار خستہ حال اور ٹوٹی پھوٹی مسافر گاڑیوں پر ہے۔

رواں برس مئی میں افغانستان کے مشرقی صوبے غزنی میں دو مسافر بسوں اور ایک تیل کے ٹینکر کے آپس میں ٹکرانے کے نتیجے میں جو خوفناک حادثہ پیش آیا تھا اُس میں بھی کم از کم 73 جانیں ضائع ہوئی تھیں۔ اسے جنگ سے تباہ حال اس ملک میں رونما ہونے والے بدترین ٹریفک حادثات میں سے ایک قرار دیا گیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں