.

لاروف اور کیری کا شام میں امریکا،روس ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف اور ان کے امریکی ہم منصب جان کیری نے شام میں دہشت گرد گروپوں کو شکست دینے کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان جمعرات کو ٹیلی فون پر یہ بات چیت اسی ہفتے روسی صدر ولادی میر پوتین اور امریکی صدر براک اوباما کے درمیان چین میں گروپ 20 کے سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کے بعد ہوئی ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق لاروف اور جان کیری نے شام میں انسانی امداد بہم پہنچانے اور شامی بحران کا کوئی سیاسی حل تلاش کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان جمعرات اور جمعے کو جنیوا میں ملاقات طے تھی لیکن ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ آیا وہ یہ ملاقات کررہے ہیں یا نہیں۔

قبل ازیں کریملن نے کہا ہے کہ روس اور امریکا نے ابھی تک شام میں جاری بحران کے حل کے لیے باہمی طور پر قابل قبول سمجھوتے پر کام کو حتمی شکل نہیں دی ہے۔نیز دونوں ملکوں کے درمیان مختلف چھوٹے چھوٹے ایشوز پر بھی افہام وتفہیم نہیں ہوسکی ہے۔