.

شیرخوار بچے کا جُڑواں بھائی سے معانقہ.. لاکھوں کو رُلا گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سوشل میڈیا پر دوجُڑواں امریکی بچوں کی تصویر نے دنیا بھر میں لوگوں کو ہمدردی کے جذبے سے آنسو بہانے پر مجبور کر دیا۔ تصویر میں11 دن کی عمر کے دو بچوں میں سے ایک بچہ دوسرے کے سینے سے لگا ہوا ہے گویا کہ وہ محبت سے اپنے بھائی سے گلے مل رہا ہو ، ساتھ ہی اس کے چہرے پر معصوم سی مسکراہٹ بھی موجود ہے۔ تصویر میں موجود دوسرا بھائی فوت ہوچکا تھا اور تصویر سے ایسا ظاہر ہو رہا ہے کہ ایک بھائی دوسرے کو آخری مرتبہ رخصت کر رہا ہو۔

فیس بک پر نومولود بچوں سے مخصوص موضوعات نشر کرنے والے امریکی پیچ پر اس تصویر کے پوسٹ کیے جانے کے چند ہی گھنٹوں کے اندر اس کو دیکھنے والوں کی تعداد 60 لاکھ سے زیادہ ہو چکی تھی۔

یہ دونوں جڑواں بھائی میسن اور ہوک امریکا کے شہر سینٹ لوئس کے ایک ہسپتال میں پیدا ہوئے۔ ان میں ہوک پردہ شکم میں ہرنیا کی وجہ سے فوت ہوگیا۔ تقریبا ہر 2500 نومولود بچوں میں سے ایک بچہ اس مسئلے سے دوچار ہوتا ہے۔

جڑواں بچوں کے باپ ٹومی کا کہنا ہے کہ وہ اور اس کی اہلیہ ہوک کے اس دنیا سے چلے جانے پر رنجیدہ ہیں۔

ٹومی کے مطابق اسے توقع نہیں تھی کہ میسن اور ہوک کے قصے کے ساتھ اتنے لاکھوں لوگ ہمدردی کا اظہار کریں گے۔ بچوں کی تصویر 2 ستمبر کو نشر ہوئی تھی جس کو بہت بڑے پیمانے پر توجہ حاصل ہوئی۔ فیس بک پر تصویر کو 60 لاکھ سے زیادہ لوگوں نے دیکھا ، 1 لاکھ 17 ہزار نے لائک کیا جب کہ 28 ہزار مرتبہ اس کو شیئر کیا گیا۔