.

یورپی یونین نے سینٹری فیوجز مشینوں کی تفصیل نہیں مانگی: ایران

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایران کے جوہری توانائی ادارے نے اس بات کی تردید کی ہے کہ یورپی یونین نے اس سے سینٹری فیوجز سے متعلق کوئی تفصیل فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے اپنی ویب سائٹ پر ادارے کے ترجمان بہروز کمال آفندی کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ ''ہمیں سرکاری ذرائع سے ایسا کوئی مطالبہ موصول نہیں ہوا ہے''۔

ایسوسی ایٹڈ پریس ( اے پی) نے جمعہ کو یہ اطلاع دی تھی کہ یورپی یونین نے ایک بیان کے ذریعے ایران سے اقوام متحدہ کو سینٹری فیوجزمشینوں کے تیار کردہ ایسے حصوں کی مکمل تفصیل فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے جو جوہری ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال ہوسکتے ہیں۔

اے پی نے اس مجوزہ بیان کو دیکھنے کی اطلاع دی ہے اور کہا ہے اس کو ویانا میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

کمال آفندی نے اس رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ''ایسوسی ایٹڈ پریس ماضی میں بھی ایران کی جوہری صنعت کے بارے میں ایسی من گھڑت خبریں جاری کرتی رہی تھی''۔