.

یمن کی تباہی کا منصوبہ ایران چلا رہا ہے: منصور ہادی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کے صدر عبد ربہ منصور ہادی نے کہا ہے کہ ایران ان کے ملک کو کرائے کے قاتلوں کے ذریعے تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے۔ تہران، ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کا ارتکاب کر رہا ہے جس سے وہاں پر قیام امن کی کوششیں متاثر ہو رہی ہیں۔ ہم یمن کو ایران کے چنگل سے آزاد کرانا چاہتے ہیں۔ ایران اس وقت دارلحکومت صنعاء پر قابض حوثی باغیوں کی مدد کر رہا ہے اور بحران کے حل کی تمام کوششوں کو ناکام بنا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار منصور ہادی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ معزول صدر علی عبداللہ صالح اور حوثی باغیوں نے یمن کو ایک لایعنی جنگ میں الجھا رکھا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ تہران علاقے میں انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کی حمایت کر رہا ہے۔ یمنی حکومت کی تمام کوششوں کو حوثی ملیشیا اور علی عبداللہ صالح کے جنگجو تاراج کر رہے ہیں۔ حوثی باغیوں اور علی عبداللہ صالح کے وفادار جنگجوؤں کے اتحاد نے یمن پر جنگ مسلط کر رکھی ہے۔ انہی لوگوں نے شہروں کا محاصرہ کر رکھا ہے اور آئے روز بے گناہوں کے خون سے ہاتھ رنگے جا رہے ہیں۔

"ہم انتقام نہیں چاہتے"

عبد ربہ منصور ہادی نے مزید کہا کہ ہم حوثیوں اور صالح کے ہمنواؤں کی جانب اب بھی اس امید سے دیکھ رہے ہیں کہ وہ راہ راست پر آ جائیں۔ ہم نے ان ملیشیاؤں کو کئی مرتبہ بلا بھیجا ہے کہ وہ اپنی وفاداری کا مرکز ملک کو بنائیں۔ انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ امن کے دور میں نجی ملیشیاؤں کا سرکاری وسائل پر قبضہ قابل قبول نہیں ہے۔ ہم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔

یمنی صدر نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ ملک کو ایک اتحادی جمہوریت بنانے میں مدد کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صالح کے جنگجو اور حوثی باغی یمن میں دہشت گردی کے بنیادی اسباب ہیں۔ یمن میں سرگرم ملیشیائیں تعز سمیت ملک کے مختلف حصوں میں کر رہی ہیں وہ کھلی دہشت گردی ہے۔ داعش، القاعدہ اور ان میں کوئی فرق نہیں ہے۔

حال ہی میں یمن کے مرکزی بینک کو صنعاء سے عدن منتقل کرنے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری اس کوشش کو مقصد تاحال بچے کچھے حکومت ڈھانچے کو محفوظ بنانا ہے۔ انہوں نے آزاد دنیا اور عالمی مالیاتی اداروں سے اپیل کی کہ وہ ان کے ملک کی معیشت کو سنبھالا دینے میں مدد کریں۔ انہوں نے یمن کو امداد دینے والے ملکوں سے ایک مرتبہ پھر اپیل کی وہ تعاون کے لئے کئے گئے اعلانات پر عمل درآمد کریں۔ منصور ہادی نے یمنی عوام کی خدمت کے لئے شاہ سلمان سینٹر کی کوششوں کی تعریف کی۔