انجلینا کی بریڈ پٹ سے علاحدگی.."ستاروں کی وکیل" کی خدمات حاصل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

ہالی ووڈ اسٹار انجلینا جولی کی جانب سے اپنے شوہر بریڈ پٹ سے طلاق کے مطالبے کے بعد انجلینا کی نمائندگی کے لیے معروف خاتون وکیل لورا واسر کا نام لیا جا رہا ہے۔ لورا ہالی ووڈ کی مشہور شخصیات کی طلاق کے مقدمات کی پیروی کے حوالے سے شہرت کی حامل ہیں جن میں برٹنی اسپیئرز اور کم کارداشیان نمایں ترین ہیں۔

اداکار جونی ڈیپ کی ان کی بیوی ایمبر روز سے علاحدگی کے مقدمے میں بھی جونی کی وکیل لورا واسر ہی تھیں۔ اس کے علاوہ بھی کئی فلمی ستاروں نے اس نوعیت کے مقدمات میں لورا کی خدمات حاصل کیں۔ ان میں ریون رینولڈز کی اسکارلیٹ جوہانسن سے طلاق شامل ہے۔ لورا نے میل گبسن اور روبن مور کے درمیان طلاق کے مقدمے کی بھی پیروی کی تھی جس کے نتیجے میں گبسن کو اپنی نصف دولت یعنی تقریبا 40 کروڑ ڈالر سے ہاتھ دھونا پڑے تھے۔

لورا واسر کا انجلینا جولی سے تعلق 2003 سے ہے جب لورا نے بیلی بوب سے علاحدگی کے معاملے میں جولی کی نمائندگی کی تھی۔

لورا کے والدین بھی وکیل ہیں۔ ان کے والد ڈینس واسر مشہور وکیل ہیں اور خود بھی متعدد اداکاروں کی طلاق کے مقدمات کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

لورا واسر کسی بھی مقدمے کی پیروی کا انتہائی بھاری معاوضہ وصول کرتی ہیں جو بعض مرتبہ 1 کروڑ ڈالر یعنی 850 ڈالر فی گھنٹہ تک بھی پہنچ جاتا ہے۔

امریکی صحافت میں 48 سالہ لورا کو "علاحدگیوں کی ملکہ" کا خطاب دیا گیا ہے۔ ہالی ووڈ رپورٹر نیٹ ورک کے مطابق لورا امریکا کی 100 بہترین خاتون وکیلوں میں شمار ہوتی ہیں۔

یاد رہے کہ انجلینا جولی نے اپنے چھ بچوں کے لیے مکمل تحویل کا مطالبہ کیا ہے جن کی عمریں آٹھ سے پندرہ برس کے درمیان ہیں تاہم بریڈ پٹ کو ان سے ملنے کی اجازت ہوگی۔

انجلینا جولی نے دس برس تک جاری رہنے والی دوستی کے بعد 2014 میں بریڈ پٹ سے شادی کر لی تھی۔

انجلینا نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں 41 خصوصی اعزاز حاصل کیے تاہم کچھ عرصے سے وہ انسانی امور کی جانب متوجہ ہو گئی ہیں۔ ان کو اقوام متحدہ کے خصوصی کمیشن برائے امور پناہ گزین کے لیے خصوصی نمائندے کے طور پر بھی چنا گیا۔ ان کے چھ بچوں میں دو بچوں کو انہوں نے کمبوڈیا اور ویت نام سے جب کہ ایک بچی کو ایتھوپیا سے گود لیا تھا۔

انجلینا جولی اس سے قبل دو اداکاروں جونل لی ملر اور بیلی بوب سے بھی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوچکی ہیں۔ انہیں 2000 میں بہترین معاون اداکارہ کا آسکر ایوارڈ دیا گیا۔

ہالی ووڈ کے مشہور ترین اداکاروں میں شامل 52 سالہ بریڈ پٹ 2003 میں جینیفر اینسٹون کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک تھے جب انہوں نے انجلینا جولی کے ساتھ "مسٹر اینڈ مسز اسمتھ" کی عکس بندی کا آغاز کیا۔ اس وقت دونوں کے درمیان تعلقات کی رپورٹیں سامنے آئی تھیں تاہم انجلینا جولی نے ایک جریدے سے گفتگو میں کہا تھا کہ 2005 میں پٹ کی اینسٹون سے علاحدگی تک وہ دونوں صرف دوست تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں