.

اوپیک کا تیل کی یومیہ پیداوار ساڑھے سات لاکھ بیرل کم کرنے پر اتفاق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

تیل برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم ( اوپیک) نے تیل کی یومیہ پیداوار کو ساڑھے سات لاکھ بیرل کم کرنے سے اتفاق کیا ہے۔

بلومبرگ نے الجزائر میں بدھ کو منعقدہ اوپیک کے اجلاس میں شریک ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ اوپیک کے رکن ممالک کے وزراء نے یومیہ پیداوار میں کمی کے بعد اس کو تین کروڑ پچیس لاکھ بیرل یومیہ کی سطح پر رکھنے سے اتفاق کیا ہے۔

اس وقت اوپیک کے رکن ممالک کی تیل کی یومیہ پیداوار تین کروڑ بتیس لاکھ بیرل ہے اور گذشتہ آٹھ سال میں پہلی مرتبہ اوپیک نے تیل کی پیداوار میں کمی کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں استحکام لایا جا سکے۔

اس اچانک خبر کے منظرعام پر آنے کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں پانچ فی صد سے زیادہ اضافہ ہوگیا ہے کیونکہ یہ توقع کی جارہی تھی کہ الجزائر میں اوپیک کے اجلاس میں تیل کی پیداوار میں کمی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکے گا۔

لندن میں برینٹ نارتھ خام تیل کے نومبر کے لیے سودے 2.72 ڈالرز اضافے کے ساتھ 48.58 ڈالرز فی بیرل میں ہوئے ہیں۔ نیویارک کی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 2.38 ڈالرز فی بیرل اضافہ ہوا ہے اور اس کے سودے 47.33 ڈالرز فی بیرل میں ہوئے ہیں۔