.

سعودی عرب میں ایمفٹامین کی 23 لاکھ گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے سرحدی محافظوں نے تبوک کے ساحلی علاقے سے ضباء گورنری میں نشہ آور ممنوعہ دوا ایمفٹامین کی تیئیس لاکھ سے زیادہ گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

حکام کے مطابق سعودی پانیوں میں ایک مشتبہ کشتی داخل ہونے کے بعد اس کا پیچھا کیا گیا۔اس پر سوار افراد نے سعودی حدود میں داخل ہونے کے بعد ضباء گورنری کے شمال میں واقع شرما کے ساحلی علاقے میں تھیلے پھینکنا شروع کردیے تھے۔

ساحلی محافظوں نے اس کشتی کا محاصرہ کر لیا اور اس پر سوار تین سعودیوں کو گرفتار کر لیا۔سمندر کنارے ان کے ساتھی منتظر ایک اور سعودی کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

سعودی اہلکاروں نے اس کے بعد کشتی سے پھینکے گئے تھیلوں کو برآمد کر کے ان کی تلاشی لی تو ان سے ایمفٹامین کی 2364636 گولیاں نکلی ہیں۔ان کے علاوہ تھیلوں سے 9 کلوگرام حشیش بھی برآمد ہوئی ہے۔