.

دوسرے صدارتی مباحثے کے لیے ٹرمپ ۔ ہیلری آمنے سامنے!

’صدارتی امیدواروں کو تند وتلخ سوالات کا سامنا ہوگا‘

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا میں 8 نومبر 2016ء کو ہونے والے صدارتی انتخابات کی مہم اپنے آخری مراحل میں پہنچ رہی ہے۔ ری پبلیکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹس کی ہیلری کلنٹن کے درمیان آج دوسرا صدارتی مباحثہ ہو رہا ہے۔ پہلے صدارتی مباحثے میں ٹرمپ کو ہیلری کے سامنے ہزیمت اٹھانا پڑی تھی۔ دو روز پیشتر خواتین سے متعلق نازیبا گفتگو پر مبنی ایک ویڈیو ٹیپ کے منظرعام پرآنے کے بعد ٹرمپ ایک بار پھر مشکل میں پھنس چکے ہیں۔ مبینہ ٹیپ کے بعد ٹرپ کی اپنی پارٹی کے کئی سرکردہ رہ نماؤں نے ان کا ساتھ دینے سے معذرت کرلی ہے۔

وکی لیکس نے ہیلری کلنٹن کے لیے بھی ایک نئی مشکل کھڑی کردی ہے۔ لیکس کی جانب سے یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکا میں وزارت خارجہ کے منصب پر فائز رہتے ہوئے ہیلری کلنٹن نے شام اور عراق میں دولت اسلامی ’داعش‘ جیسے گروپوں کو اسلحہ فراہم کیا تھا۔ ہیلری اس الزام کو مسترد کرتی ہیں۔

دونوں صدارتی امیدواروں کے درمیان مناظرہ [مباحثہ] سعودی عرب کے مقامی وقت کے مطابق صبح چار بجے اور گرینج کے معیاری وقت کے مطابق رات ایک بجے منعقد ہوگا۔ صدارتی امیدواروں کے درمیان ہونے والے مناظرے کو سینٹ لوئیس سے براہ راست ٹی وی پر دکھایا جائے گا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق 70 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے متنازع بیانات اور خواتین سے متعلق شرمناک گفتگو کے نتیجے میں سخت مشکل کا سامنا کررہے ہیں۔ وہ ہیلری کلنٹن کے سامنے مسلسل سیاسی جنگ ہار رہے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس اب بار بار معذرت کے سوا اور کوئی راستہ نہیں بچا ہے۔ خواتین کے بارے میں نازبیا الفاظ پر مبنی گفتگو کے بعد خواتین کے حلقوں میں ٹرمپ کےخلاف سخت غم وغصہ پایا جا رہا ہے۔ اس گفتگو کے بعد وہ ہیلری کلنٹن کو زیادہ تنقید کرنے کی پوزیشن میں بھی نہیں رہے ہیں۔

مبصرین کے خیال میں دوسرا صدارتی مباحثہ ’شطرنج کی چال‘ جیسا ہوگا۔ اس میں ناظرین یہ دیکھ سکیں گے کہ دونوں امیدواروں میں کون کتنا جذباتی اور کتنا متحمل مزاج ہے۔ اس موقع پر حاضری کی جانب سے اٹھائے جانے والے سوالات دونوں امیدواروں کو پریشان بھی کرسکتے ہیں۔ ہیلری کلنٹن کو تازہ وکی لیکس کی جانب سے کیے گئے انکشافات کا عوام کے سامنے جواب دینا ہوگا جب کہ ٹرمپ کو سب سے اہم سوال خواتین سے متعلق ہی پوچھا جا سکتا ہے جس میں وہ اپنے موقف کی وضاحت کریں گے کہ آیا انہوں نے عورتوں کے بارے میں اس قدر شرمناک گفتگو کیوں کر کی تھی۔ اس کے بعد تیسرا صدارتی مباحثہ 19 اکتوبر کو ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس میں منعقد ہوگا۔ یہ تینوں مباحثے کسی بھی صدارتی امیدوار کی انتخابات میں کامیابی کے امکانات کو واضح کردیں گے۔